سندھ کے ضلع سجاول سے گیس کے نئے ذخائر دریافت

پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے سندھ کے ضلع سجاول کے دریافتی کنویں ڈولفن ایکس ون سے گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کر لیا۔
پاکستان کے انرجی سیکٹر کے لیے سندھ کے ضلع سجاول سے ایک بہترین خبر سامنے آئی ہے۔ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے اپنے آپریٹڈ سیرانی بلاک میں واقع دریافتی کنویں ڈولفن ایکس ون سے گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔
کمپنی نے اس اہم کامیابی سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے۔ یہ ڈولفن ایکس ون کے مقام پر چلتن فارمیشن میں پہلی بار گیس کی ایک بڑی دریافت ہے۔ اس کنویں کی کھدائی کا آغاز رواں سال 17 اپریل کو کیا گیا تھا اور اسے 3 ہزار 850 میٹر کی گہرائی تک کھودا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : خیرپور میں گیس کے وسیع ذخائر دریافت
اس نئی دریافت کے نتیجے میں چلتن فارمیشن سے یومیہ 0.942 ایم ایم ایس سی ایف گیس حاصل ہوگی۔ پی پی ایل کے مطابق اس کامیابی سے لوئر انڈس بیسن میں نئے ہائیڈروکاربن کی نشاندہی ہوئی ہے اور دلدلی زمین کے دشوار گزار علاقوں میں گیس کی تلاش کی نئی سرحدیں کھل گئی ہیں۔
طویل عرصے سے یہ علاقہ جغرافیائی سختیوں کے باعث نا قابل رسائی سمجھا جاتا تھا۔ پی پی ایل نے اس منصوبے میں پاکستان نیوی کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سیرانی بلاک میں پی پی ایل 75 فیصد کا مالک ہے جبکہ دیگر شراکت دار 25 فیصد شیئر رکھتے ہیں۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











