ہنڈائی ایلینٹرا 1.6 اسپیشل ایڈیشن کی ڈیلیوری شروع، خریداروں کے لیے اہم سہولت

پاکستان میں گاڑیاں بنانے والی کمپنی ہنڈائی نشاط نے ایلینٹرا 1.6 اسپیشل ایڈیشن کے خریداروں کے لیے اہم سہولت کا اعلان کردیا ہے۔
کمپنی کے مطابق گاڑی کی ڈیلیوری اگست 2026 سے شروع ہوچکی ہے۔
ایلینٹرا 1.6 اسپیشل ایڈیشن کی ابتدائی ایکس فیکٹری قیمت 64 لاکھ 49 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ گاڑی کی بکنگ کے لیے 15 لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے۔ خریداروں کے لیے اہم بات یہ ہے کہ مکمل ادائیگی کرنے پر انہیں قیمت برقرار رکھنے کی سہولت دی جائے گی۔ اس کا مطلب ہے کہ مستقبل میں گاڑی کی قیمت بڑھنے کی صورت میں مکمل ادائیگی کرنے والے خریداروں سے اضافی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔
اس سہولت کے باعث خریدار موجودہ قیمت پر گاڑی حاصل کرسکیں گے اور مستقبل میں ممکنہ قیمت اضافے سے محفوظ رہیں گے۔
ہنڈائی نشاط نے ایلینٹرا 1.6 اسپیشل ایڈیشن کو رواں سال مئی میں متعارف کرایا تھا۔ گاڑی میں 1.6 لیٹر ایم پی آئی پٹرول انجن دیا گیا ہے، جو 126 ہارس پاور اور 155 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔ اس کے ساتھ 6 اسپیڈ خودکار گیئر باکس دیا گیا ہے۔
گاڑی میں ایل ای ڈی ہیڈ لائٹس، ڈی آر ایل، ایل ای ڈی بیک لائٹس، برقی سن روف، اسمارٹ انٹری، بٹن سے اسٹارٹ ہونے کا نظام، 8 طرفہ برقی ڈرائیور سیٹ، کروز کنٹرول اور وائرلیس موبائل چارجر سمیت کئی جدید سہولیات موجود ہیں۔
اس کے علاوہ گاڑی میں اسپورٹ، اسمارٹ، ایکو اور نارمل ڈرائیونگ موڈز بھی دیے گئے ہیں۔ پچھلی نشستوں کے لیے اے سی وینٹس، اسمارٹ ٹرنک ریلیز اور ریئر اسپوائلر بھی گاڑی کا حصہ ہیں۔
کمپنی ایلینٹرا 1.6 اسپیشل ایڈیشن کے ساتھ چار سال یا ایک لاکھ کلومیٹر کی وارنٹی بھی فراہم کررہی ہے۔ ہنڈائی نشاط کے مطابق یہ گاڑی ایسے صارفین کے لیے پیش کی گئی ہے جو 70 لاکھ روپے سے کم قیمت میں جدید اور پریمیم سہولیات سے لیس سیڈان خریدنا چاہتے ہیں۔
دلچسپی رکھنے والے افراد گاڑی کی بکنگ اور مزید معلومات کے لیے قریبی ہنڈائی تھری ایس ڈیلرشپ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











