وزیراعظم کی ایندھن کی قیمتوں میں عوامی ریلیف کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایندھن کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی، جس میں عوام کو ایندھن کی قیمتوں میں ممکنہ ریلیف دینے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز بھی شریک تھے۔
وزیراعظم نے وزیر پیٹرولیم کو فوری طور پر کراچی پہنچ کر مقامی آئل ریفائنریوں کے نمائندوں سے مذاکرات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر تیار ہونے والے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ڈیزل کی ضروریات کا بڑا حصہ مقامی ریفائنریوں میں تیار ہوتا ہے، اس لیے قیمتوں میں کمی کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر پیٹرولیم خود ریفائنریوں سے مذاکرات کریں اور یہ عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عالمی اور مقامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے جس قدر ممکن ہو، عوام کو فوری ریلیف منتقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے امکانات کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچایا جائے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











