جمعرات، 20-اگست،2026
جمعرات 1448/03/07هـ (20-08-2026م)

پنجاب کے تمام اسکولوں میں ہاکی سامان اور کٹس فراہم کرنے کا اعلان

20 اگست, 2026 12:10

لاہور: اسپورٹس بورڈ پنجاب نے صوبے کے تمام اسکولوں میں ہاکی کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ہاکی کا سامان اور کٹس فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

ہاکی کے سامان کی تقسیم کے حوالے سے اسپورٹس بورڈ پنجاب کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے تمام ڈویژنز کے اسپورٹس افسران نے آن لائن شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے تمام ڈویژنز میں مرحلہ وار ہاکی کا سامان اور کھیلوں کی کٹس تقسیم کی جائیں گی۔

ترجمان اسپورٹس بورڈ پنجاب کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں ہاکی کا سامان 21 اگست کو تقسیم کیا جائے گا، جبکہ دیگر ڈویژنز میں بھی مرحلہ وار سامان کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اسکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے اسکولوں تک ہاکی کے سامان اور کٹس کی ترسیل یقینی بنائی جا رہی ہے۔

اسپورٹس بورڈ پنجاب کے اس اقدام کا مقصد اسکول کی سطح پر ہاکی کو فروغ دینا، نوجوانوں کو کھیلوں کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا اور مستقبل کے باصلاحیت ہاکی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔