جمعرات، 20-اگست،2026
جمعرات 1448/03/07هـ (20-08-2026م)

محکمہ اسکول تعلیم میں جعلی اساتذہ کی بھرتیوں کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا

20 اگست, 2026 14:57

کراچی: محکمہ اسکول تعلیم میں گریڈ 16 کے چھ جعلی سیکنڈری اسکول ٹیچرز کی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

محکمہ اسکول تعلیم نے ان بھرتیوں کو جعلی قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کارروائی کے لیے خط ارسال کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جعلی طور پر بھرتی کیے گئے چھ اساتذہ کو میرپورخاص میں تعینات کیا گیا تھا۔ حیران کن طور پر ان جعلی بھرتیوں کے بعد اساتذہ کو پرسنل آئی ڈیز بھی الاٹ کردی گئیں۔

محکمہ اسکول تعلیم کے آئی ٹی سیکشن کی جانب سے مبینہ طور پر جعلی آفر آرڈرز پر بار کوڈ بھی لگایا گیا، جس کے بعد جعلی اساتذہ کو پرسنل آئی ڈیز الاٹ ہونے کا معاملہ سامنے آیا۔

بعد ازاں محکمہ اسکول تعلیم نے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد ان تمام بھرتیوں کو جعلی قرار دے دیا۔

محکمہ اسکول تعلیم کی جانب سے اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کو بھی اس معاملے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ سیکشن افسر سیکنڈری تھری کے دستخط سے ارسال کیے گئے خط میں جعلی طور پر بھرتی کیے گئے اساتذہ کی تنخواہیں فوری طور پر بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

خط میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ان افراد کو اگر کوئی تنخواہ ادا کی جاچکی ہے تو وہ رقم بھی واپس وصول کی جائے۔ اس کے علاوہ جعلی اساتذہ کی پرسنل آئی ڈیز بلاک کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔

محکمہ اسکول تعلیم کے مطابق جعلی بھرتیوں میں فہد علی، انیل کمار، شاہ رخ خان، زاہد علی، ارشد علی اور عابدہ پروین شامل ہیں۔

واقعے نے محکمہ اسکول تعلیم کے بھرتی اور ریکارڈ کے نظام پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں، کیونکہ جعلی بھرتیوں کے باوجود نہ صرف آفر آرڈرز جاری ہوئے بلکہ آئی ٹی نظام میں بار کوڈ اور پرسنل آئی ڈیز بھی الاٹ کردی گئیں۔

حکام کی جانب سے اب اس معاملے کی مزید جانچ کی جارہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ جعلی آفر آرڈرز کیسے تیار ہوئے، انہیں کس مرحلے پر تصدیق کے بغیر منظور کیا گیا اور جعلی پرسنل آئی ڈیز کے اجرا میں کون کون سے افراد ملوث تھے۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔