ٹرانسپورٹ کے کرائے کب کم ہوں گے؟ اہم خبر آگئی

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں حالیہ کمی کے باوجود گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے فوری طور پر کم نہیں کیے گئے۔ ڈیزل مزید سستا ہونے کے بعد کرایوں میں کمی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد نے کہا کہ لاہور سے 10 فیصد کرایہ کم کرنے کا اعلان کرنے والے بعض افراد کے پاس اپنی ایک بھی گاڑی نہیں۔ گڈز ٹرانسپورٹرز کی کچھ ایسوسی ایشنز کے عہدیدار حکومت کی بی ٹیم کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر کمی کے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ ملک شہزاد نے وزیراعظم اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے اس فیصلے سے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو کچھ ریلیف مل سکتا ہے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر نہیں کیا جائے گا۔ قیمتوں میں بار بار تبدیلی سے ٹرانسپورٹرز کے لیے کاروباری معاملات کو سنبھالنا مشکل ہوجاتا ہے۔
ملک شہزاد نے وفاقی وزیر مواصلات اور وزیر پیٹرولیم کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد کا مطالبہ بھی کیا۔ ٹرانسپورٹرز کے مسائل صرف بیانات سے حل نہیں ہوں گے بلکہ عملی اقدامات ضروری ہیں۔
دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے فی لیٹر کمی کے بعد پنجاب میں آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا۔ ایسوسی ایشن کے صدر نبیل محمود طارق نے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزل سستا ہونے سے تجارتی سامان کی ترسیل کے اخراجات کم ہونے کی توقع ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










