منگل، 25-اگست،2026
منگل 1448/03/12هـ (25-08-2026م)

پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ

25 اگست, 2026 11:42

پنجاب کے طلبہ و طالبات کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کی بحالی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز اور چیف ایگزیکٹو افسران نے شرکت کی، جبکہ سپورٹس ایکشن پلان پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس میں پنجاب کے تمام سرکاری سکولوں میں اکتوبر سے دسمبر تک بڑے کھیلوں کے مقابلے منعقد کرانے کی منظوری دی گئی۔ کھیلوں کی یہ سرگرمیاں تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر ہوں گی، جبکہ دسمبر میں صوبائی سطح کے فائنل مقابلے کا انعقاد کیا جائے گا جس کی میزبانی لاہور بورڈ کرے گا۔

حکام نے وزیر تعلیم کو بتایا کہ پنجاب کے تقریباً 35 ہزار سکولوں میں کھیلوں کی کمیٹیاں قائم کی جاچکی ہیں، جبکہ 450 سکولوں کو کھیلوں کا سامان بھی فراہم کیا گیا ہے۔ اجلاس میں سپورٹس کٹس کے معیار کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

طلبہ کے لیے لاکھوں روپے کے انعامات

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کے لیے انعامی رقم میں اضافے کی ہدایت کی۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے 5 لاکھ، 3 لاکھ اور 1 لاکھ روپے تک کے انعامات مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف کھیلوں اور کیٹیگریز کے لیے الگ الگ انعامات مختص کیے جائیں، جبکہ طالب علموں اور طالبات کے لیے بھی علیحدہ انعامی رقم رکھی جائے۔

گراس روٹ سے ٹیلنٹ سامنے لانے کا فیصلہ

رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت سکولوں کی سطح سے کھیلوں کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے اقدامات کرے گی۔ بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور انہیں ضروری معاونت بھی دی جائے گی۔

وزیر تعلیم کے مطابق ماضی میں سکول کھیلوں کے لیے نرسری کا کردار ادا کرتے تھے اور انہی اداروں سے ملک کو کئی نامور کھلاڑی ملے۔ کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی سے طلبہ کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی سرگرمیوں میں بھی بہتر دلچسپی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد تعلیمی بورڈز کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے۔ انہوں نے آئندہ سال نجی سکولوں کو بھی کھیلوں کے پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔

کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے لیے تین سالہ پالیسی

محکمہ تعلیم کو تعلیمی اداروں میں کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے آئندہ تین سال کی پالیسی تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ کھیلوں کے ساتھ سکولوں میں دیگر ہم نصابی سرگرمیاں بھی جلد بحال کی جائیں گی تاکہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ اپنی تخلیقی، جسمانی اور عملی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع مل سکیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پنجاب میں 6 نئے سکول آف ایمننس اور 2 دانش سکول شروع کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔