جمعرات، 27-اگست،2026
جمعرات 1448/03/14هـ (27-08-2026م)

نئے کرنسی نوٹ کب جاری ہوں گے؟ اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر نے بتا دیا

27 اگست, 2026 09:45

نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان محمد علی ملک نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ کی کمیٹی سے منظوری ملنے کے باوجود نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کے عمل میں تقریباً ایک سال لگ سکتا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا، جس میں اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ محمد علی ملک نے بتایا کہ نئے نوٹوں کی مالیت اور ان کے اجرا سے متعلق حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 10 روپے کے کرنسی نوٹ کو ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے، تاہم نئے نوٹ کن مالیتوں میں جاری کیے جائیں گے، اس کا فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔

سینیٹر عبدالقادر نے اجلاس کے دوران سوال کیا کہ 5 ہزار روپے کا ایک کرنسی نوٹ تیار کرنے پر کتنی لاگت آتی ہے؟

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق 5 ہزار روپے کا ایک نوٹ تقریباً 14 روپے میں تیار ہوتا ہے۔

محمد علی ملک نے واضح کیا کہ وفاقی کابینہ کی کمیٹی کی منظوری کے بعد بھی نئے کرنسی نوٹ فوری طور پر مارکیٹ میں نہیں آسکیں گے۔ ان کے مطابق نوٹوں کے ڈیزائن، تیاری اور دیگر مراحل مکمل کرنے میں تقریباً ایک سال کا وقت درکار ہوگا۔

اجلاس میں چیئرمین قائمہ کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے بھی معاملے پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ موجودہ سینیٹرز کی مدت میں نئے کرنسی نوٹ جاری ہوسکیں گے۔

اجلاس میں جعلی کرنسی نوٹوں کی تیاری کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ حکام نے بتایا کہ نئے کرنسی نوٹ کا ڈیزائن پہلے ہاتھ سے تیار کیا جائے گا، جس کے بعد اسے مشین کے ذریعے تیار کیا جائے گا۔

سلیم مانڈوی والا نے سوال اٹھایا کہ نئے نوٹوں کی تیاری میں وقت لگنے کے باوجود اس بات کی کیا ضمانت ہوگی کہ ان کے جعلی نوٹ تیار نہیں کیے جاسکیں گے۔ انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ قائمہ کمیٹی کو کسی عالمی سطح کی کرنسی پرنٹنگ کمپنی سے بریفنگ لینی چاہیے۔

حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری کا طریقہ کار مکمل طور پر تبدیل کیا جائے گا۔ نئے ڈیزائن اور جدید طریقہ کار کے نتیجے میں جعلی نوٹوں کی تیاری کے امکانات میں نمایاں کمی لانے کی کوشش کی جائے گی۔

فی الحال نئے کرنسی نوٹوں کی حتمی مالیت، اجرا کی تاریخ اور ڈیزائن سے متعلق فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ تاہم اسٹیٹ بینک کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد بھی نئے نوٹوں کو مارکیٹ میں لانے کے لیے تقریباً ایک سال درکار ہوسکتا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔