جمعرات، 27-اگست،2026
جمعرات 1448/03/14هـ (27-08-2026م)

پنجاب کے اسکولوں میں اکتوبر سے میگا اسپورٹس ایونٹس کا اعلان

27 اگست, 2026 10:30

پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، صوبے کے تمام اسکولوں میں اکتوبر سے دسمبر تک میگا اسپورٹس ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت اجلاس میں کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد اور طلبہ کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

فیصلے کے مطابق مختلف کھیلوں کے مقابلے تحصیل، ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر منعقد ہوں گے، جبکہ دسمبر میں فائنل ایونٹ کی میزبانی لاہور بورڈ کرے گا۔

کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامی رقم بھی بڑھا دی گئی ہے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑی کو 5 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن کے لیے 3 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑی کو 1 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کہ مقابلوں میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ طلبہ کو فراہم کی جانے والی اسپورٹس کٹس کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کے لیے بہتر سہولیات دستیاب ہوسکیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے تمام 35 ہزار اسکولوں میں اسپورٹس کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں، جبکہ اب تک 450 اسکولوں کو کھیلوں کا سامان بھی فراہم کیا جاچکا ہے۔

وزیر تعلیم کے مطابق حکومت کا مقصد تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کے ذریعے طلبہ کی صلاحیتوں کو سامنے لانا اور انہیں صوبائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔