سندھ کے نجی اسکولوں میں فائر سیفٹی اقدامات لازمی، خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ

سندھ حکومت نے صوبے کے نجی اسکولوں میں طلبہ اور عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے فائر سیفٹی کے اقدامات لازمی قرار دیتے ہوئے تمام تعلیمی اداروں کو حفاظتی پروٹوکول پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کردی۔
حکومت کی جانب سے نجی اسکولوں میں فائر الارم، اسموک ڈیٹیکٹرز اور فائر ایکسٹنگوشرز کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے۔ اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری حفاظتی آلات ہر وقت قابلِ استعمال حالت میں رکھے جائیں۔
فائر سیفٹی اقدامات کے تحت اسکولوں میں ہنگامی راستوں اور سیڑھیوں کو ہر وقت کھلا رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ کسی حادثے کی صورت میں طلبہ اور عملے کو عمارت سے محفوظ طریقے سے باہر نکالا جاسکے۔
نجی اسکولوں کو سال میں کم از کم دو مرتبہ فائر ڈرل کرانے کا پابند کیا گیا ہے۔ اس مشق کا مقصد طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کو ہنگامی صورتحال میں فوری اور محفوظ انخلا کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے۔
اسکول انتظامیہ کو فائر ایویکیویشن پلان اور عمارت کے فلور میپس نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ ہنگامی صورتحال میں باہر نکلنے کے راستوں کی نشاندہی میں دشواری پیش نہ آئے۔
حفاظتی اقدامات کے تحت اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو فائر سیفٹی اور ابتدائی طبی امداد کی تربیت فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ خصوصی بچوں اور ایسے طلبہ جنہیں عمارت سے فوری انخلا میں اضافی مدد درکار ہوسکتی ہے، ان کے لیے بھی خصوصی انتظامات کرنا لازم ہوگا۔
ہر نجی اسکول میں ہنگامی صورتحال کے دوران طلبہ اور عملے کو جمع کرنے کے لیے ایک مخصوص اسمبلی پوائنٹ مقرر کرنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
حکام نے اسکولوں میں بجلی کے نظام، لیبارٹریز اور کچن سمیت ان مقامات کی باقاعدہ جانچ کی ہدایت کی ہے جہاں آگ لگنے کا خطرہ زیادہ ہوسکتا ہے۔ اسکول انتظامیہ کو حفاظتی خامیوں کی بروقت نشاندہی اور انہیں دور کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ فائر سیفٹی سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اسکول انتظامیہ کو حفاظتی ضوابط کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ طلبہ کی جان و سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا۔
ہنگامی صورتحال میں عمارت خالی کرانے کے بعد کلیئرنس ملنے تک طلبہ، اساتذہ اور عملے کو دوبارہ اسکول میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد ممکنہ خطرے کے دوبارہ پیدا ہونے کی صورت میں کسی نقصان سے بچنا ہے۔
Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









