جمعہ، 28-اگست،2026
جمعہ 1448/03/15هـ (28-08-2026م)

10 روپے کا کرنسی نوٹ بند کرنے کی تجویز، اسٹیٹ بینک نے بڑی وجہ بتا دی

28 اگست, 2026 12:15

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے مالیت کا کرنسی نوٹ مستقبل میں جاری نہ کرنے اور اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی تجویز پیش کردی، جس کی بنیادی وجہ نوٹ کی تیاری پر آنے والی لاگت بتائی گئی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے 10 روپے کے نوٹ کی جگہ اسی مالیت کا سکہ لانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر عنایت حسین نے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں 10 روپے کا ایک کرنسی نوٹ تیار کرنے کی لاگت اس کی مالیت سے زیادہ پڑ رہی ہے، جس کے باعث کم مالیت کے اس نوٹ کو جاری رکھنے کا عمل معاشی طور پر مؤثر نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے اسٹیٹ بینک نے مستقبل میں جاری کیے جانے والے کرنسی نوٹوں میں 10 روپے کا نوٹ شامل نہ کرنے اور اس کی جگہ 10 روپے مالیت کا سکہ متعارف کرانے کی سفارش کی ہے۔

ڈپٹی گورنر نے واضح کیا کہ اگر یہ تجویز منظور ہوجاتی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہوگا کہ مارکیٹ میں گردش کرنے والے موجودہ 10 روپے کے نوٹ فوری طور پر ختم یا ناقابلِ استعمال ہوجائیں گے۔ پرانے نوٹوں کے حوالے سے فیصلہ اور ان کی حیثیت متعلقہ پالیسی کے تحت طے کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک اس سے قبل بھی 10 روپے مالیت کا سکہ متعارف کراچکا ہے، تاہم عوامی سطح پر اسے خاطر خواہ پذیرائی نہیں مل سکی تھی۔

اسٹیٹ بینک کی نئی تجویز کا مقصد کم مالیت کی کرنسی کی تیاری کے اخراجات کو کم کرنا اور مستقبل میں زیادہ پائیدار سکے کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔