جمعہ، 28-اگست،2026
جمعہ 1448/03/15هـ (28-08-2026م)

پنجاب میں ستمبر سے اسکول میل پروگرام شروع، 10 لاکھ سے زائد طلبہ کو دودھ اور بسکٹ ملیں گے

28 اگست, 2026 14:23

پنجاب حکومت نے طلبہ کو غذائی سہولت فراہم کرنے کے لیے اسکول میل پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت صوبے کے 13 اضلاع میں 10 لاکھ 28 ہزار طلبہ کو دودھ اور بسکٹ فراہم کیے جائیں گے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق اسکول میل پروگرام پر مجموعی طور پر 6 ارب 87 کروڑ روپے لاگت آئے گی، جبکہ پروگرام کا باقاعدہ آغاز آئندہ ماہ ستمبر 2026 سے کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے 7 ہزار 294 اسکولوں میں پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ پروگرام کے تحت طلبہ کو ہفتے میں تین دن دودھ جبکہ ایک دن دودھ کے ساتھ بسکٹ فراہم کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق رواں مالی سال میں پنجاب کے 13 اضلاع کے سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو اسکول میل پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ ان اضلاع میں بہاولنگر، بھکر، چنیوٹ، ڈیرہ غازی خان، کوٹ ادو، لیہ، لودھراں، میانوالی، مظفرگڑھ، رحیم یار خان، راجن پور، تونسہ اور وہاڑی شامل ہیں۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق اس پروگرام کا مقصد اسکول جانے والے بچوں کو بہتر غذائیت فراہم کرنا اور ان کی صحت و تعلیمی سرگرمیوں میں معاونت کرنا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2023-24 کے دوران تین اضلاع میں اسکول میل پروگرام شروع کیا گیا تھا، جبکہ مالی سال 2024-25 میں اس کا دائرہ بڑھا کر 13 اضلاع تک کردیا گیا تھا۔

رواں مالی سال بھی 13 اضلاع میں پروگرام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت لاکھوں طلبہ کو باقاعدگی سے دودھ اور بسکٹ فراہم کیے جائیں گے۔ حکومت کے مطابق غذائی سہولت کی فراہمی سے طلبہ کی صحت بہتر بنانے اور انہیں تعلیمی سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔