آٹے کی قیمتوں میں اضافہ، کراچی میں 20 کلو کا تھیلا 3200 روپے تک پہنچ گیا

Sudden Sharp Increase in Flour Prices
ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث کراچی کے شہری ملک کے دیگر بڑے شہروں کے مقابلے میں مہنگا ترین آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 3200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے دیگر شہروں میں بھی آٹے کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔ اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3093 روپے، پشاور میں 3100 روپے اور راولپنڈی میں 3067 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2940 روپے جبکہ بنوں میں 2900 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔ کوئٹہ میں یہی تھیلا 2850 روپے میں دستیاب ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سرگودھا، ملتان، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2800 روپے ہے، جبکہ بہاولپور میں 2740 روپے، لاڑکانہ اور خضدار میں 2700 روپے قیمت ریکارڈ کی گئی ہے۔
سکھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2500 روپے، لاہور میں 2300 روپے جبکہ فیصل آباد میں 2200 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنیادی ضرورت کی اشیا بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں، جس سے گھریلو بجٹ پر اضافی دباؤ پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اور فوری حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ عوام کو بنیادی غذائی ضرورت مناسب قیمت پر دستیاب ہوسکے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











