ہفتہ، 29-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/16هـ (29-08-2026م)

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اکاؤنٹ کھولنا مزید آسان، ڈیجیٹل فریم ورک متعارف

29 اگست, 2026 12:30

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے خواہشمند افراد کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کا عمل مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔

نئے نظام کے تحت سہولت اکاؤنٹ صرف ایک دن میں کھولا جاسکے گا، جبکہ انویسٹر اکاؤنٹ کی درخواست پر دو دن کے اندر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) نے ملک میں سرمایہ کاری کے عمل کو آسان، تیز اور شفاف بنانے کے لیے اسٹاک مارکیٹ میں اکاؤنٹ کھولنے کا نیا ڈیجیٹل آن بورڈنگ فریم ورک متعارف کرایا ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق نئے فریم ورک کا مقصد ٹیکنالوجی کے ذریعے کیپٹل مارکیٹ تک عام شہریوں کی رسائی بہتر بنانا اور سرمایہ کاری کے عمل میں غیر ضروری رکاوٹوں کو کم کرنا ہے۔

نئے نظام کے تحت سہولت اکاؤنٹ ایک دن کے اندر کھولا جاسکے گا، جبکہ انویسٹر اکاؤنٹ کی درخواست پر زیادہ سے زیادہ دو دن کے اندر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل آن بورڈنگ اور درخواستوں کی پراسیسنگ 24 گھنٹے دستیاب ہوگی۔

نئے نظام میں سرمایہ کاروں کے لیے درخواست کا اسٹیٹس آن لائن چیک کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ درخواست جمع کرانے کے بعد سرمایہ کار ٹریکنگ آئی ڈی کے ذریعے اپنی درخواست کی پیش رفت دیکھ سکیں گے۔

فریم ورک کے مطابق اگر کوئی بروکر سرمایہ کار کی درخواست مسترد کرتا ہے تو اسے مسترد کیے جانے کی وجوہات تحریری طور پر فراہم کرنا ہوں گی، جس سے عمل میں شفافیت مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ جو سرمایہ کار پہلے سے تصدیق شدہ ہیں، انہیں دوبارہ ویری فکیشن کے مرحلے سے نہیں گزرنا پڑے گا۔ اس اقدام سے اکاؤنٹ کھولنے کے عمل میں وقت اور غیر ضروری مراحل کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کو انتہائی آسان بنایا جارہا ہے۔ ان کے مطابق بنیادی مقصد نوجوانوں کی شمولیت میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی کا ہدف اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد کو 25 لاکھ تک لے جانا ہے، جبکہ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں ترقی اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

نئے ڈیجیٹل آن بورڈنگ فریم ورک سے سرمایہ کاری کے عمل کو تیز اور سہل بنانے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو رسمی کیپٹل مارکیٹ کا حصہ بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔