پنجاب حکومت نے گرین ٹریکٹر کی سبسڈی ساڑھے 7 لاکھ روپے کر دی

حکومت پنجاب نے کسانوں کے لیے 50 سے 65 ہارس پاور کے گرین ٹریکٹرز کی سبسڈی 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر ساڑھے 7 لاکھ روپے کر دی۔
حکومت کی جانب سے پنجاب کے کاشتکاروں اور کسانوں کے لیے 50 سے 65 ہارس پاور کے گرین ٹریکٹرز کی سبسڈی میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
نئے فیصلے کے تحت چھوٹے گرین ٹریکٹرز پر دی جانے والی سبسڈی کو 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر ساڑھے 7 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔
ان گرین ٹریکٹرز کے حصول کے لیے کسانوں سے درخواستوں کی وصولی کا عمل جاری ہے اور اس مقصد کے لیے خصوصی پورٹل بھی اوپن کر دیا گیا ہے، جہاں سے کسان اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مریم نواز کی چین میں علی بابا کلاؤڈ کے وفد سے ملاقات، پنجاب کے آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری پر زور
گرین ٹریکٹر اسکیم کا طریقہ کار مکمل طور پر ڈیجیٹل رکھا گیا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے، جبکہ غیر کمپیوٹرائزڈ موضع جات کے کاشتکاروں کی سہولت کے لیے درخواست فارم محکمہ زراعت کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں۔
حاصل ہونے والی درخواستوں کی چھان بین اور کسانوں کی اہلیت کا تعین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کرے گی، جبکہ 5 ایکڑ اراضی کے مالک کسان کو چھوٹا ٹریکٹر فراہم کیا جائے گا۔
تمام اہلیت پر پورا اترنے والے درخواست دہندگان میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ قرعہ اندازی کرے گا اور ڈسٹرکٹ امپلی منٹیشن کمیٹی کسانوں کو ٹریکٹرز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائے گی۔
قرعہ اندازی میں کامیا ب ہونے والے کسانوں کو ایک ماہ کے اندر ٹریکٹر فراہم کر دیے جائیں گے اور رقم کی ادائیگی بینک آف پنجاب کے ذریعے کی جائے گی۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











