پیر، 31-اگست،2026
پیر 1448/03/18هـ (31-08-2026م)

پاکستان میں مالیاتی شمولیت کا فروغ، سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہو گئے

31 اگست, 2026 11:19

مشیر وزیرِ خزانہ کے مطابق پاکستان میں جامع مالیاتی شمولیت کے فروغ سے سرمایہ کاری، زراعت، ہاؤسنگ اور چھوٹے کاروباروں کے لیے معاشی سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔

وزارتِ خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان میں مالیاتی شمولیت کی جدید پالیسیوں کے باعث ملک میں معاشی مواقع، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جامع مالیاتی نظام کے ذریعے سرمائے کو روایتی شعبوں سے نکال کر پیداواری اور برآمدی شعبوں کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ہاؤسنگ فنانس، زراعت، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) اور الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت کو تیز رفتار معاشی سہارا مل رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ کا ایران کے خلاف مالیاتی گھیراؤ مزید سخت کرنے کا اعلان

خرم شہزاد کے مطابق اپنا گھر پروگرام کے تحت عوام کی جانب سے درخواستوں میں 84 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس منصوبے کے تحت منظور شدہ فنانسنگ کی رقم تقریباً 280 ارب روپے تک جا پہنچی ہے۔

مشیر وزیرِ خزانہ نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں مالی رسائی بہتر ہونے کی وجہ سے چھوٹے کاشتکاروں اور دیہی معیشت کو مستحکم مدد مل رہی ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے تقریباً 3 لاکھ 30 ہزار ایس ایم ایز کو 1.05 ٹریلین روپے کی باقاعدہ فنانسنگ فراہم کی گئی ہے، جس سے کاروباری توسیع اور روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جدید کریڈٹ اسکورنگ ماڈلز متعارف کرائے ہیں تاکہ پرانے اور روایتی ضمانتی نظام سے ہٹ کر نئے کاروباروں کو آسانی سے قرض فراہم کیا جا سکے۔ گرین فنانس کے اقدامات کے تحت الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے شعبے میں بھی قرضوں کی فراہمی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

خرم شہزاد نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مالیاتی شمولیت کو پیداوار اور برآمدات سے جوڑ کر پاکستان میں کاروباری مسابقت اور معاشی پائیداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔