پیر، 31-اگست،2026
پیر 1448/03/18هـ (31-08-2026م)

پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں صفائی اور بنیادی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایات جاری

31 اگست, 2026 13:30

لاہور: محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں میں صفائی ستھرائی، بنیادی سہولیات اور طلبہ کے لیے بہتر تعلیمی ماحول یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسکولوں میں موجود درختوں کی باقاعدگی سے تراش خراش، گھاس کی کٹائی اور چھتوں کی صفائی یقینی بنائی جائے۔ اس کے علاوہ پانی کی ٹینکیوں اور واش رومز کی صفائی پر خصوصی توجہ دینے اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

جاری احکامات کے مطابق اسکولوں میں موجود کچرے کو فوری طور پر اٹھایا جائے اور صفائی کے نظام کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھا جائے۔ اسکول کی عمارتوں، دروازوں اور کھڑکیوں میں معمولی نوعیت کی مرمت کے کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔

محکمہ تعلیم نے اسکولوں میں لائف اسکلز اور شہری شعور سے متعلق ماڈیول بھی مقررہ ٹائم لائن کے مطابق نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کے مطابق طلبہ میں عملی زندگی کی مہارتوں اور ذمہ دار شہری بننے سے متعلق شعور اجاگر کرنا بھی تعلیمی سرگرمیوں کا اہم حصہ ہے۔

کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی سرکاری اسکولوں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ہر اسکول میں ہفتہ وار کم از کم تین سپورٹس پیریڈز مختص کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو باقاعدہ انداز میں جاری رکھنے کے لیے اسکولوں میں سپورٹس کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم نے سرکاری اسکولوں میں جاری تعمیراتی کاموں کو بھی مقررہ معیار، رفتار اور حفاظتی اصولوں کے مطابق مکمل کرنے پر زور دیا ہے۔ اضافی کلاس رومز کی تعمیر، بنیادی سہولیات کی کمی اور خطرناک عمارتوں سے متعلق جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تعمیراتی کام کے دوران تمام سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ تعمیراتی کام کے معیار یا طلبہ و عملے کی حفاظت سے متعلق کسی بھی قسم کے خدشات سامنے آنے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو رپورٹ کیا جائے۔

محکمہ تعلیم پنجاب نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو جاری احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے یا غفلت برتنے کی صورت میں ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ تعلیم کے مطابق ان اقدامات کا مقصد سرکاری اسکولوں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانا، بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا، طلبہ کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنا اور تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں اور شہری شعور کے فروغ کو بھی مؤثر بنانا ہے۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔