بدھ، 2-ستمبر،2026
منگل 1448/03/19هـ (01-09-2026م)

سندھ کابینہ نے 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کی منظوری دے دی

01 ستمبر, 2026 14:23

سندھ کابینہ نے صوبے میں غذائی تحفظ کے لیے پاسکو اور ٹی سی پی کے ذریعے 5 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم خریدنے کی منظوری دے دی۔

سندھ کابینہ کا اہم اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں گندم کے اسٹریٹجک ذخائر کو مضبوط بنانے کے لیے جامع منصوبے اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں کابینہ نے پاسکو سے 2 لاکھ 23 ہزار 455 میٹرک ٹن گندم خریدنے کی منظوری دی، جبکہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے ذریعے 3 لاکھ میٹرک ٹن درآمدی گندم خریدنے کے فیصلے پر بھی توثیق کر دی گئی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاسکو سے حاصل ہونے والی ایک لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن گندم کراچی منتقل کی جائے گی، جبکہ 30 ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم حیدرآباد اور جامشورو منتقل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ کے 22 سرکاری اسپتالوں میں فائر سیفٹی کی سنگین خامیاں، اہم رپورٹ سامنے آگئی

بریفننگ کے مطابق شہید بینظیرآباد اور سانگھڑ کے پاسکو گوداموں میں موجود گندم کے ذخائر کو برقرار رکھا جائے گا تاکہ وہاں کے اور میرپورخاص ڈویژنز کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ اس خریداری کے لیے محکمہ خزانہ گندم کے لیے 23 ارب 13 کروڑ 60 لاکھ روپے جبکہ ترسیل کے لیے 2 ارب روپے پہلے ہی جاری کر چکا ہے۔

سندھ کابینہ نے وزرات قومی غذائی تحفظ، ٹی سی پی اور سندھ حکومت کے مابین سہ فریقی معاہدے کے ساتھ ساتھ سندھ بینک سے کموڈیٹی فنانسنگ کے ذریعے پیشگی ادائیگیوں اور باردانہ خریدنے کی منظوری بھی دی۔

بندرگاہ سے درآمدی گندم اٹھانے کا یومیہ ہدف 5 ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے اور حتمی لاگت کی منظوری کے لیے خوراک کی ذیلی کمیٹی کو اختیار سونپا گیا ہے۔

علاوہ ازیں کابینہ نے جامعہ کراچی کے محکمہ فوڈ سائنس کی تجویز کردہ گندم کے معیار کی منظوری بھی دی۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں گندم کی بلاتعطل دستیابی اور غذائی تحفظ حکومت کی سب سے پہلی ترجیح ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔