جمعرات، 3-ستمبر،2026
جمعرات 1448/03/21هـ (03-09-2026م)

رات گئے تک جاگنے والوں میں ذہنی صحت کے مسائل کا خطرہ زیادہ، تحقیق

03 ستمبر, 2026 12:45

اگر آپ رات گئے تک جاگنے کے عادی ہیں تو نئی تحقیق میں ایسے افراد کے لیے اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔

ماہرین کے مطابق رات دیر تک جاگنے والے افراد کو صبح جلد اٹھنے والوں کے مقابلے میں ذہنی صحت سے متعلق مسائل کا زیادہ سامنا ہو سکتا ہے۔

فن لینڈ کی ایسٹرن فن لینڈ یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق میں 2 ہزار 266 افراد کو شامل کیا گیا۔

تحقیق میں شرکا کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا، جن میں صبح جلد اٹھنے والے، رات گئے تک جاگنے والے اور ایسے افراد شامل تھے جو دونوں میں سے کسی عادت کے حامل نہیں تھے۔

محققین نے شرکا میں انزائٹی اور ڈپریشن کی علامات کا جائزہ لیا، جبکہ یہ بھی دیکھا گیا کہ دفتری ذمہ داریاں ان کی ذاتی زندگی اور فارغ وقت کو کس حد تک متاثر کرتی ہیں۔

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد میں ذہنی صحت کے مسائل زیادہ عام تھے۔ خاص طور پر ان افراد کے لیے دفتری اور ذاتی زندگی کے درمیان توازن برقرار رکھنا زیادہ مشکل پایا گیا، جس کے باعث ان میں انزائٹی کی علامات بڑھنے کا امکان دیکھا گیا۔

محققین کے مطابق کام اور ذاتی زندگی کے درمیان مناسب توازن ذہنی صحت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ اگر دفتری مصروفیات ذاتی وقت اور آرام کو متاثر کریں تو اس کے منفی اثرات ذہنی صحت پر پڑ سکتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل ’سلیپ ہیلتھ‘ میں شائع ہوئے ہیں۔

اس سے قبل جون 2026 میں امریکا کی بریگھم ینگ یونیورسٹی میں ہونے والی ایک اور تحقیق میں بھی رات گئے تک جاگنے والے افراد میں انزائٹی کی بلند سطح کا تعلق سامنے آیا تھا۔

اس تحقیق میں 442 افراد کو شامل کیا گیا اور سوالناموں کے ذریعے ان کی نیند کی عادات اور ذہنی کیفیت کا جائزہ لیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ رات گئے سونے اور صبح دیر سے اٹھنے والے افراد سماجی طور پر نسبتاً کم گھلتے ملتے ہیں۔

محققین کے مطابق رات گئے تک جاگنے والے افراد میں ناقص ذہنی صحت، رات کے وقت تنہائی اور انزائٹی کی شکایات زیادہ رپورٹ ہوئیں۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ دن اور رات کے مختلف اوقات میں انسان کے سماجی تجربات ذہنی صحت پر اہم اثر ڈال سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق تنہائی کے احساس پر قابو پانے سے انزائٹی کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

دونوں تحقیقات سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ نیند کے معمول، سماجی روابط اور کام و ذاتی زندگی کے درمیان توازن ذہنی صحت کے لیے اہم عوامل ہیں۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔