کراچی: ڈیفنس میں نوجوان پر انسانیت سوز تشدد، دو ملزمان گرفتار، مقدمہ درج

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں نوجوان علی جعفری کو مبینہ طور پر اغوا کرکے انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنانے کے معاملے میں تھانہ ساحل پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں مبینہ مرکزی ملزم ابراہیم ملک اور وقار شامل ہیں۔ دونوں کے خلاف اغوا، تشدد اور ڈرانے دھمکانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
متاثرہ نوجوان علی جعفری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ڈیفنس فیز 6 کے بخاری کمرشل میں کھانا کھانے گیا تھا، جہاں علی فیصل نے اسے گیمنگ کے لیے بلایا تھا۔ نوجوان کے مطابق کھانا کھانے کے بعد جب وہ باہر نکلا تو اس کے سر پر بیس بال کے بلے سے وار کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ بے ہوش ہوگیا۔
علی جعفری کے مطابق بے ہوش ہونے کے بعد اسے گاڑی میں ڈال کر ڈیفنس فیز 8 لے جایا گیا، جہاں مبینہ طور پر اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ نوجوان کا کہنا ہے کہ اس کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں اور وہ اپنے کام سے کام رکھتا ہے۔
نوجوان نے بتایا کہ اسے اندازہ نہیں تھا کہ کوئی اس کے ساتھ اس طرح کا سلوک کرے گا اور واقعے کے بعد وہ شدید صدمے کا شکار ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کے والٹ اکاؤنٹ کو بھی استعمال کیا گیا۔
علی جعفری نے مزید بتایا کہ اس نے اپنے اوپر ہونے والے مبینہ ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے پولیس سے رابطہ کیا ہے، تاہم تشدد میں ملوث افراد کے اہلخانہ کی جانب سے صلح کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
متاثرہ نوجوان کے مطابق اسے بخاری کمرشل سے مبینہ طور پر کار میں اغوا کرکے فیز 8 لے جایا گیا، جہاں اس سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا جاتا رہا۔ اس کا دعویٰ ہے کہ اسے اہلخانہ کی تصاویر دکھا کر دھمکایا گیا کہ اگر اس نے کسی کو واقعے کے بارے میں بتایا تو اس کے خاندان کو نقصان پہنچایا جائے گا۔
علی جعفری نے کہا کہ اس کے والد دل کے مریض ہیں اور ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اس پر اور اس کے اہلخانہ پر صلح کے لیے دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ مقصد صرف اپنے ساتھ ہونے والے تشدد کے خلاف آواز اٹھانا ہے تاکہ مستقبل میں کسی اور نوجوان کو ایسے مبینہ تشدد کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
نوجوان کے ہمراہ موجود ایک شہری نے بتایا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے تشدد کے علاوہ بھی علی جعفری کے ساتھ مبینہ طور پر مزید تشدد کیا گیا، جسے مقدمے کا حصہ بنانے کے لیے پولیس سے رجوع کیا جائے گا۔ شہری کے مطابق متاثرہ خاندان پر بھی شدید دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
ایس ایچ او ساحل فاروق سنجرانی نے بتایا کہ پولیس نے علی جعفری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے مرکزی ملزم ابراہیم ملک کو گرفتار کرلیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق واقعے میں ملوث مرکزی ملزم ابراہیم کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا تھا، جبکہ پولیس نے ایک اور ملزم وقار کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مقدمے میں سامنے آنے والے دیگر شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











