خارگ جزیرے کے قریب ایرانی آئل ٹینکر پر امریکی حملہ، کئی دھماکوں کی آوازیں

ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز جزیرہ خارگ کے قریب امریکی افواج نے ایک ایرانی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ علاقے میں متعدد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے فارس کے مطابق واقعے کے حوالے سے فوری طور پر حملے کی نوعیت، ٹینکر کو پہنچنے والے نقصان یا کسی ممکنہ جانی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ امریکی حکام نے بھی تاحال واقعے پر باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔
جزیرہ خارگ ایران کے اہم ترین تیل برآمدی مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں سے ملک کے خام تیل کی بڑی مقدار عالمی منڈیوں تک پہنچائی جاتی ہے۔ حالیہ عرصے میں یہ علاقہ امریکی فوجی کارروائیوں کی زد میں بھی رہا ہے، جن میں جنوبی ایران کے مختلف فضائی دفاعی نظام، ریڈار تنصیبات اور سمندری اثاثوں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں موجود بحری جہازوں پر خام تیل کا ذخیرہ بڑھتا جا رہا ہے جبکہ ایران کی تیل برآمد کرنے کی اہم سپلائی لائن کو منقطع کیا جا رہا ہے۔
اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق ناکہ بندی بحال ہونے کے بعد سے ایران کی جانب سے تیل کی کوئی کھیپ آبنائے ہرمز عبور کرکے چین نہیں پہنچی۔
ادھر ایران کی جانب سے بھی سخت ردعمل کا عندیہ دیا گیا ہے۔ ایرانی حکام نے اشارہ دیا ہے کہ اگر ملک کو خطرہ محسوس ہوا تو وہ پیشگی کارروائیاں شروع کر سکتا ہے، جس سے خطے میں مزید فوجی کشیدگی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











