امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات ناکام، دونوں فریقین کا لچک دکھانے سے انکار، عسکری تنازع کا خطرہ بڑھ گیا

امریکی صدر اور ایران کے درمیان سفارتی تعطل کو توڑنے کے لیے قطری ثالثوں کی تمام تر کوششیں تاحال کسی بھی نمایاں پیش رفت میں ناکام رہی ہیں کیونکہ دونوں فریقین میں سے کوئی بھی لچک دکھانے کو تیار نہیں۔
امریکی نیوز ویب سائٹ نے معاملے سے باخبر تین ذرائع کا حوالا دے کر رپورٹ کیا ہے کہ اس ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایران کے درمیان ایک سفارتی بریک تھرو حاصل کرنے کے لیے قطری ثالثوں کی جانب سے کی جانے والی کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں کیونکہ فریقین میں سے کوئی بھی اپنے مؤقف سے ہٹنے کو تیار نہیں ہے۔
اس تعطل کی وجہ سے دونوں اطراف میں یہ یقین پختہ ہوتا جا رہا ہے کہ اب ایک بار پھر فوجی تنازع کا شروع ہونا زیادہ ممکن دکھائی دے رہا ہے۔
امریکی حکام کا یہ ماننا ہے کہ صدر ٹرمپ کانگریس کے وسط مدتی انتخابات کے بعد ایک بار پھر بڑی عسکری کارروائیوں کے احکامات جاری کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے کی شرائط پر امریکہ کی طرف سے تجاویز موصول ہو گئیں
قطری ذرائع کا کہنا ہے کہ قطری حکام اپنی کوششیں جاری رکھیں گے لیکن وہ دونوں فریقین کے اس رویے سے شدید مایوسی کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔
قطری ثالث علی الذوادی نے پیر کے روز نیویارک میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کی ٹیم کے ساتھ کئی گھنٹوں تک طویل ملاقات کی، جس میں دو صفحات پر مشتمل ایک قطری سمجھوتہ تجویز زیر بحث لائی گئی۔
یہ قطری منصوبہ ایک طرف ایران کے اس مطالبے کو حل کرنے کے لیے تھا، جس میں امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا کہا گیا تھا اور دوسری طرف یہ امریکی مطالبے کے مطابق ایران کے جوہری پروگرام پر پابندیوں سے متعلق بھی تھا۔
اسی روز قطری ثالث نے واشنگٹن میں ٹرمپ کے مشیر جیرڈ کشنر اور دیگر امریکی حکام سے بھی ملاقات کی، جس میں نائب صدر وینس نے بھی شرکت کی، تاہم وائٹ ہاؤس نے اس پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
پیر کی صبح جہاں وائٹ ہاؤس میں اس بات کی امید ظاہر کی جا رہی تھی کہ بات چیت مثبت سمت میں جا رہی ہے اور ایران جوہری مسائل پر لچک دکھا رہا ہے، وہیں چند گھنٹوں بعد صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کر دیا کہ انہوں نے ایران کو کوئی رعایت نہیں دی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











