کراچی: محمود آباد کے نجی اسپتال میں مبینہ غفلت، نومولود جاں بحق

کراچی کے علاقے محمود آباد کے ایک نجی اسپتال میں مبینہ طبی غفلت کے باعث نومولود بچے کے جاں بحق ہونے کا معاملہ سامنے آگیا۔
اہلخانہ کے مطابق بچے کی پیدائش کے دوران مبینہ طور پر اس کے گلے پر کٹ لگ گیا، جس کے بعد نومولود جاں بحق ہوگیا۔ اسپتال کے عملے نے اہلخانہ کو بتایا کہ بچہ مردہ پیدا ہوا تھا۔
بچے کے تایا کے مطابق نومولود کی گردن پر کٹ کا واضح نشان موجود تھا اور وہاں سے خون بھی بہہ رہا تھا، جس پر اہلخانہ نے اسپتال کے عملے سے وضاحت طلب کی۔
اہلخانہ کے مطابق جاں بحق ہونے والا نومولود بس ڈرائیور امین کا چھٹا بچہ تھا۔ بچے کے تایا کا کہنا ہے کہ ان کا خاندان کالا پل کا رہائشی اور انتہائی غریب ہے، جس کے باعث وہ کسی بڑے قانونی تنازع میں نہیں پڑنا چاہتے۔
بچے کے تایا نے مطالبہ کیا کہ ایسے اسپتالوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے تاکہ مستقبل میں کسی اور خاندان کو اس طرح کی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تاہم اہلخانہ نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے میں کوئی قانونی کارروائی یا نومولود کا پوسٹ مارٹم نہیں چاہتے۔
واقعے کے حوالے سے اسپتال انتظامیہ کا مؤقف سامنے نہیں آسکا۔ مبینہ طبی غفلت کے معاملے کی مکمل حقیقت متعلقہ حکام کی تحقیقات کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











