محکمہ خوراک میں کرپشن کرنیوالوں کی شامت،48 افسر اور اہلکار گرفت میں آگئے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر صوبے میں کرپشن کے خلاف جاری مہم کے دوران محکمہ خوراک سمیت مختلف سرکاری اداروں کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق کرپشن کے الزامات میں محکمہ خوراک کے 54 افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی، جن میں بعض کو معطل اور ملازمت سے برطرف کرنے کے ساتھ متعدد افراد کو گرفتار کرکے مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف مہم کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور کرپشن فری پنجاب حکومت کی منزل ہے۔
بہاولپور میں محکمہ خوراک کے 6 فوڈ گرین انسپکٹرز اور ایک چوکیدار کو ملازمت سے فارغ کیا گیا۔ برطرف کیے جانے والے فوڈ گرین انسپکٹرز میں ساجد محمود خان، محمد سلیم، عاصم علی، عبدالرشید، محمد اسحاق اور طارق رشید شامل ہیں۔
گوجرانوالہ میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز ابوبکر رضا اور بابر جاوید سمیت شفیق، انصار بٹر، محمد نثار، سینئر کلرک وقار احمد، ذوالفقار علی، محمد علی شاہین اور عاطف حسین کے خلاف کارروائی کی گئی۔ بہاولپور میں وسیم طلحہ، ہارون عبداللہ اور عمر حیات چوکیدار کو بھی ملازمتوں سے فارغ کردیا گیا۔
سرگودھا کے فوڈ گرین انسپکٹر ندیم شہزاد، ملتان کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر ہمایوں شوکت بھٹی اور چوکیدار رضاقت علی کو بھی ملازمت سے برطرف کیا گیا ہے۔
ڈی جی خان میں فوڈ گرین انسپکٹر رانا عبدالستار اور گجرات میں فوڈ گرین انسپکٹر حذیفہ یونس کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ فیصل آباد میں پی آر چوکیدار اللہ دتہ، عبدالغفار اور شہباز احمد کے خلاف بھی محکمانہ ایکشن لیا گیا۔
محکمہ خوراک کی جانب سے کرپشن کے الزامات میں 14 فوڈ کنٹرولرز کے خلاف تادیبی کارروائیوں کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔ ان میں بہاولنگر کے محمد فیصل، اوکاڑہ کے محمد مسلم، نارووال کے عبدالمجید خان، رحیم یار خان کے محمد علی، ڈی جی خان کے خادم حسین اور میانوالی کے عبدالرحمان شامل ہیں۔
اسی طرح ساہیوال میں عمران بلوچ، ڈی جی خان کے رانا بن یامین، گجرات کے محمد خالد، اٹک کے رمضان سیال، چکوال کی سدرہ معراج، لیہ کے رانا ریاض، گوجرانوالہ کے علی عمران، بہاولنگر کے عدیل احمد اور میانوالی کے خادم فراز بھی محکمانہ کارروائی کی زد میں آئے ہیں۔
دوسری جانب اینٹی کرپشن کے مختلف اضلاع میں بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ وہاڑی میں اینٹی کرپشن نے چھاپہ مار کر سیکریٹری یونین کونسل ریاض احمد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
شیخوپورہ میونسپل کارپوریشن کے سینئر کلرک محمد اشرف کو بھی مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔
فیصل آباد میں ٹریپ ریڈ کے دوران کمپیوٹر آپریٹر زین السلام اور سیکریٹری یونین کونسل محمد اسلم کو گرفتار کیا گیا۔ بہاولنگر میں غلام مرتضیٰ جبکہ منڈی بہاؤالدین میں لوکل گورنمنٹ کے جونیئر کلرک مدثر اقبال کو اینٹی کرپشن حکام نے مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا۔
گوجرانوالہ میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے فیلڈ آفیسر قمر زمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











