پی ٹی اے کا جعلی کوریئر میسجز اور مشکوک لنکس سے متعلق اہم الرٹ

Mobile Users Alert PTA Warning
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو جعلی کوریئر میسجز، مشکوک لنکس اور غیرمصدقہ درخواستوں سے محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے اہم الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق جعلساز معروف کوریئر کمپنیوں کے نام استعمال کرکے شہریوں کو جعلی ڈیلیوری میسجز یا ای میلز بھیجتے ہیں، جن کا مقصد صارفین کو دھوکا دے کر ان کی ذاتی یا مالی معلومات حاصل کرنا ہوتا ہے۔
اتھارٹی نے بتایا کہ ایسے جعلی پیغامات میں صارفین کو مشکوک لنک پر کلک کرنے، ڈیلیوری یا دیگر فیس ادا کرنے یا ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) شیئر کرنے کے لیے کہا جاسکتا ہے۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مشکوک لنک پر کلک نہ کریں اور نہ ہی اسے کسی دوسرے شخص کے ساتھ شیئر کریں۔ صارفین کسی پیغام کی تصدیق کیے بغیر اپنی ذاتی، بینکنگ یا مالی معلومات بھی فراہم نہ کریں۔
اتھارٹی نے شہریوں کو غیرملکی سمز کے غیرقانونی استعمال سے بھی خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرملکی سمز کی خرید و فروخت غیرقانونی ہے۔ ایسی سمز کے استعمال سے ذاتی اور مالی معلومات غیرمحفوظ ہونے کے ساتھ قانونی پیچیدگیوں کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔
پی ٹی اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ موبائل سم ہمیشہ قریبی فرنچائز یا رجسٹرڈ آؤٹ لیٹ سے خریدیں اور اس بات کی تصدیق کریں کہ سم ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
اتھارٹی نے عوام کو مشورہ دیا کہ ڈیجیٹل فراڈ سے محفوظ رہنے کے لیے مشکوک پیغامات، لنکس اور غیرمصدقہ درخواستوں پر فوری ردعمل دینے کے بجائے پہلے ان کی تصدیق کی جائے۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












