بدھ، 9-ستمبر،2026
بدھ 1448/03/27هـ (09-09-2026م)

ہواوے نے نیا فولڈ ایبل فون میٹ ایکس ٹی 2 متعارف کرا دیا

08 ستمبر, 2026 12:15

گوانگ ژو/بیجنگ: چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے نے اپنے فلیگ شپ فولڈ ایبل اسمارٹ فون کا نیا ماڈل ’’میٹ ایکس ٹی 2‘‘ متعارف کرا دیا ہے، جسے ایپل اور شیاؤمی کی نئی مصنوعات کی لانچنگ سے قبل پیش کیا گیا۔

ہواوے کے مطابق میٹ ایکس ٹی 2 دو مرتبہ فولڈ ہوکر ٹیبلٹ سائز اسکرین میں تبدیل ہوجاتا ہے، جبکہ اس میں کمپنی کی نئی چپ ’’Kirin 9050 Pro‘‘ استعمال کی گئی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی چپ اضافی کمپیوٹنگ پاور فراہم کرنے کے ساتھ کم بجلی استعمال کرتی ہے، جبکہ اس کی تیاری میں ایسی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو امریکی پابندیوں کے باعث درپیش تکنیکی رکاوٹوں سے نمٹنے میں بھی مددگار ہے۔

نئے فولڈ ایبل فون میں فولڈنگ میکانزم کو بھی بہتر بنایا گیا ہے، جبکہ پانی سے تحفظ میں بہتری اور ایک اضافی اسکرین کا آپشن دیا گیا ہے، جس سے عوامی مقامات پر فون استعمال کرتے وقت ڈسپلے کو زیادہ آسانی سے دیکھا جاسکتا ہے۔

ہواوے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رچرڈ یو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ موجودہ صورتحال میں قیمت مقرر کرنا ایک بڑا چیلنج ہے کیونکہ میموری کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ان کے مطابق کمپنی نے متعدد نئی ٹیکنالوجیز متعارف کرائی ہیں جس کے باعث پیداواری لاگت پر بھی دباؤ بڑھا ہے۔

چین میں میٹ ایکس ٹی 2 کی ابتدائی قیمت 19 ہزار 999 یوآن، یعنی تقریباً 2 ہزار 980 ڈالر، مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس کے ٹاپ اینڈ ماڈل کی قیمت 24 ہزار 999 یوآن، تقریباً 3 ہزار 725 ڈالر، ہوگی۔ فون کی فروخت 12 ستمبر سے شروع ہونے کی توقع ہے۔

دوسری جانب شیاؤمی نے بھی پیر کو اپنا فولڈ ایبل اسمارٹ فون ’’Xiaomi 18 Fold‘‘ متعارف کرایا، جس کی قیمت 10 ہزار 999 یوآن سے شروع ہوکر 14 ہزار 999 یوآن تک ہے۔

شیاؤمی کے چیف ایگزیکٹو لی جون نے میموری کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں میموری بہت مہنگی ہوگئی ہے، تاہم ان کے مطابق کمپنی کی مصنوعات قیمت کے مقابلے میں مناسب سہولیات فراہم کرتی ہیں۔

فولڈ ایبل فونز کی چینی مارکیٹ میں ہواوے کو نمایاں برتری حاصل ہے۔ امریکی تحقیقی کمپنی اسمارٹ اینالیٹکس گلوبل کے مطابق رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں چین میں فولڈ ایبل فونز کی مجموعی ترسیلات میں ہواوے کا حصہ 68 فیصد رہا۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔