یورپی یونین کے تمام رکن ممالک کی مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی مخالفت

کاجا کالس نے تصدیق کی ہے کہ یورپی یونین کے تمام رکن ممالک مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی تعمیر کی مخالفت کرتے ہیں۔
برطانیہ اور 11 دیگر ممالک کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم غیر قانونی اسرائیلی بستیوں پر تجارتی پابندیوں کی حمایت کے اعلان کے بعد یورپی یونین کا اہم مؤقف سامنے آیا ہے۔
یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ یورپی یونین کے تمام رکن ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کا قیام عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : برطانیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں پر تجارتی پابندیاں لگا دیں
کاجا کالس کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے مقبوضہ علاقوں میں بستیوں کی مسلسل توسیع دو ریاستی حل کے تمام تر امکانات کو ناہموار اور ختم کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی یکطرفہ پالیسیاں خطے میں پائیدار امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے مظلوم شہریوں کے لیے انسانی امداد فراہم کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ڈونر ہے اور رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپِی یونین دو ریاستی حل کی بنیاد پر ایک جامع، عادلانہ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، جہاں دو آزاد ریاستیں محفوظ اور تسلیم شدہ سرحدوں کے ساتھ باہم امن سے رہ سکیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












