بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی کالعدم تنظیم ‘فتنہ الہندوستان’ کے خلاف آپریشنز کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 ستمبر 2026 کو بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائیاں کیں۔ ان کامیابی کے ساتھ مکمل کیے گئے آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 11 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 6 ستمبر 2026 کو دہشت گردوں نے خاران میں شاہراہ بلاک کر کے مقامی ٹریفک کو معطل کرنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری اقدام کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گھیر لیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز سے ہزیمت کے بعد فتنہ الہندوستان عام شہریوں کو نشانہ بنانے لگی
اسی طرح 7 ستمبر 2026 کو ضلع واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ایک اور کارروائی کی گئی۔ اس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشت گردوں کی پناہ گاہ کو کامیابی سے تباہ کیا اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ سیکیورٹی فورسز نے موقع سے 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا، جو دیسی ساختہ بم بنانے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور شدہ وژن عزم استحکام کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یہ کارروائیاں پوری طاقت سے جاری رہیں گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










