بدھ، 9-ستمبر،2026
بدھ 1448/03/27هـ (09-09-2026م)

لاہور: اینٹی کرپشن نے ریٹائرڈ پولیس سب انسپکٹر کو 100 کروڑ سے زائد کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا

09 ستمبر, 2026 18:13

لاہور: اینٹی کرپشن حکام نے ریٹائرڈ پولیس سب انسپکٹر رفیق احمد کو کچے کے علاقے میں تعیناتی کے دوران مبینہ طور پر عہدے کے ناجائز استعمال، غیر قانونی کاشت اور 100 کروڑ روپے سے زائد مالی فائدہ حاصل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

اینٹی کرپشن کے مطابق رفیق احمد کے خلاف انکوائری کے دوران الزامات ثابت ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے کچے کے علاقے میں تعیناتی کے دوران مبینہ کرپشن اور غیر قانونی ذرائع سے کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادیں بنائیں۔

اینٹی کرپشن کے مطابق رفیق احمد نے ایس ایچ او کی حیثیت سے اختیارات کا مبینہ ناجائز استعمال کرتے ہوئے 1,444 کنال اراضی پر غیر قانونی کاشت کی۔

حکام کے مطابق ملزم نے 2018 میں بھی عہدے کا مبینہ ناجائز استعمال کرتے ہوئے وقف حضرت خواجہ غلام فرید کی 1,384 کنال اراضی حاصل کی۔

اینٹی کرپشن کا مزید کہنا ہے کہ رفیق احمد نے مبینہ طور پر ناجائز ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن سے اپنے بیٹوں کے نام پر بے نامی جائیدادیں بنائیں، جبکہ چار قیمتی گاڑیاں خرید کر انہیں رینٹ اے کار کے کاروبار میں استعمال کیا جا رہا تھا۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم نے اپنے عہدے کا مبینہ ناجائز استعمال کرتے ہوئے 100 کروڑ روپے سے زائد کا مالی فائدہ حاصل کیا۔

رفیق احمد کو انکوائری مکمل ہونے اور الزامات ثابت ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔