جمعہ، 11-ستمبر،2026
جمعہ 1448/03/29هـ (11-09-2026م)

جرمنی چانس کارڈ: پاکستانی ہنرمند افراد کے لیے ملازمت کا نیا راستہ

11 ستمبر, 2026 09:43

جرمنی نے پاکستانیوں سمیت غیر یورپی ممالک کے اہل اور ہنرمند افراد کے لیے چانس کارڈ (Chancenkarte) متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے امیدوار کسی پیشگی جاب آفر کے بغیر جرمنی جاکر ایک سال تک ملازمت تلاش کرسکتے ہیں۔

چانس کارڈ کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس کے لیے درخواست دینے والے افراد کو جرمنی روانگی سے پہلے ملازمت حاصل کرنا لازمی نہیں۔ اہل امیدوار قانونی طور پر جرمنی میں قیام کرکے اپنی قابلیت کے مطابق ملازمت کے مواقع تلاش کرسکتے ہیں۔

چانس کارڈ کے لیے کون اہل ہے؟

مکمل طور پر تسلیم شدہ جرمن یونیورسٹی کی ڈگری یا ووکیشنل کوالیفکیشن رکھنے والے افراد اسکلڈ ورکر کی حیثیت سے چانس کارڈ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

اگر کسی امیدوار کی غیر ملکی تعلیمی یا پیشہ ورانہ قابلیت جرمنی میں مکمل طور پر تسلیم شدہ نہ ہو تو وہ پوائنٹس سسٹم کے ذریعے بھی اہل ہوسکتا ہے۔ اس صورت میں عموماً کم از کم دو سالہ تسلیم شدہ ووکیشنل ٹریننگ یا سرکاری طور پر تسلیم شدہ یونیورسٹی ڈگری، جرمن زبان کی کم از کم A1 یا انگریزی زبان کی B2 سطح اور کم از کم 6 پوائنٹس درکار ہوتے ہیں۔

پوائنٹس امیدوار کی عمر، تعلیمی و پیشہ ورانہ قابلیت، کام کے تجربے، جرمن اور انگریزی زبان پر عبور اور جرمنی میں سابقہ قانونی قیام سمیت مختلف عوامل کی بنیاد پر دیے جاتے ہیں۔

35 سال سے کم عمر امیدواروں کو 2 پوائنٹس، جبکہ 35 سے 40 سال کی عمر کے افراد کو ایک پوائنٹ مل سکتا ہے۔

2026 میں مالی وسائل کی شرط

2026 میں چانس کارڈ کے لیے درخواست دینے والے امیدوار کو جرمنی میں اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے کم از کم 1,091 یورو ماہانہ نیٹ مالی وسائل ثابت کرنا ہوں گے۔

یہ شرط جرمنی میں بلاکڈ اکاؤنٹ، اہل اسپانسر کی جانب سے ڈیکلریشن آف کمٹمنٹ یا بعض صورتوں میں تصدیق شدہ پارٹ ٹائم ملازمت کے ذریعے پوری کی جاسکتی ہے۔

جرمنی پہنچنے کے بعد کیا سہولت ملے گی؟

چانس کارڈ رکھنے والا فرد جرمنی میں قیام کے دوران ہفتے میں مجموعی طور پر 20 گھنٹے تک پارٹ ٹائم کام کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ممکنہ آجر کے پاس زیادہ سے زیادہ دو ہفتوں تک ٹرائل ورک کی اجازت بھی دی جاسکتی ہے۔

اس سہولت کا مقصد امیدواروں کو اپنی مہارت اور قابلیت کے مطابق مستقل ملازمت، اپرنٹس شپ یا متعلقہ کوالیفکیشن پروگرام تلاش کرنے کا موقع دینا ہے۔

ملازمت ملنے کے بعد کیا ہوگا؟

چانس کارڈ حاصل کرنے کے بعد ملازمت ملنے کی صورت میں یہ کارڈ خودکار طور پر مستقل ورک پرمٹ میں تبدیل نہیں ہوتا۔ امیدوار کو موجودہ اجازت نامے کی مدت ختم ہونے سے پہلے متعلقہ ریزیڈنس ٹائٹل کے لیے درخواست دینا ہوگی۔

اس میں اسکلڈ ورکر ریزیڈنس پرمٹ، یورپی یونین بلیو کارڈ یا حالات کے مطابق دیگر رہائشی اجازت نامے شامل ہوسکتے ہیں۔

حکام نے امیدواروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی ڈگری، پیشہ ورانہ قابلیت اور دیگر دستاویزات کی تصدیق متعلقہ جرمن اداروں سے کرائیں اور درخواست کے وقت تمام مطلوبہ دستاویزات اور مالی وسائل کا قابل قبول ثبوت فراہم کریں۔

واضح رہے کہ چانس کارڈ مفت رہائش، سرکاری مالی امداد یا ملازمت کی ضمانت نہیں دیتا۔ امیدواروں کو جعلی جاب آفرز، غیرمصدقہ بلاکڈ اکاؤنٹ سروسز اور فوری ویزا یا ملازمت کی گارنٹی دینے والے غیرمجاز ایجنٹس سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔