پیر، 21-ستمبر،2026
پیر 1448/04/10هـ (21-09-2026م)

کینسر جیسے جان لیوا مرض سے بچنے میں مددگار بہترین اور آسان طریقہ سامنے آگیا

14 ستمبر, 2026 13:33

کینسر ایک خطرناک بیماری ہے جس سے بچاؤ کے لیے صحت مند طرز زندگی کو اہم سمجھا جاتا ہے۔

ایک نئی طبی تحقیق میں بیٹھنے کے دورانیے اور کینسر کے خطرے کے درمیان تعلق سامنے آیا ہے۔ تحقیق کے مطابق روزانہ بیٹھنے کے وقت میں صرف 15 منٹ کمی بھی کینسر کے خطرے میں معمولی کمی سے منسلک ہے۔

برطانیہ میں ہونے والی اس تحقیق میں لندن کالج یونیورسٹی کے محققین نے 59 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔ ان افراد کی اوسط عمر 61 سال تھی۔ شرکا کی روزمرہ جسمانی سرگرمیوں کو اسمارٹ واچز کے ذریعے ریکارڈ کیا گیا۔

محققین نے ان افراد کی صحت کا تقریباً 8 سال تک جائزہ لیا۔ اس دوران 2,385 افراد میں کینسر کی تشخیص ہوئی۔ بعد میں مختلف ماڈلز کی مدد سے یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ روزمرہ کی جسمانی سرگرمی اور بیٹھنے کے وقت کا کینسر کے خطرے سے کیا تعلق ہے۔

تحقیق میں دیکھا گیا کہ جو افراد زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے تھے، ان میں کینسر کا خطرہ نسبتاً زیادہ تھا۔ دوسری جانب جسمانی سرگرمی میں اضافہ اس خطرے میں کمی سے منسلک پایا گیا۔

محققین کے مطابق اگر روزانہ بیٹھنے کے وقت میں 15 منٹ کمی کی جائے اور اس کی جگہ کسی معمولی جسمانی سرگرمی کو شامل کیا جائے تو کینسر کے خطرے میں تقریباً 2 فیصد کمی دیکھی گئی۔ جبکہ بیٹھنے کے وقت میں 30 منٹ کمی کے ساتھ یہ کمی تقریباً 8 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ جسمانی سرگرمی کا مطلب لازمی طور پر سخت ورزش کرنا نہیں ہے۔ روزمرہ کے معمولات میں چھوٹی تبدیلیاں بھی سرگرمی بڑھانے میں مدد دے سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر گھر کا سودا سلف لینے کے لیے پیدل چلنا یا لفٹ کے بجائے سیڑھیوں کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس سے قبل ہونے والی مختلف تحقیقات میں بھی جسمانی سرگرمی کو بعض اقسام کے کینسر کے کم خطرے سے جوڑا جاچکا ہے۔ ان میں مثانے، چھاتی، آنتوں، گردوں اور معدے کے کینسر شامل ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ تحقیق کے نتائج خاص طور پر ان افراد کے لیے اہم ہیں جو دن کا بڑا حصہ بیٹھ کر گزارتے ہیں۔ تاہم اس تحقیق سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ صرف 15 یا 30 منٹ بیٹھنے کا وقت کم کرنے سے کینسر سے یقینی طور پر بچا جاسکتا ہے۔ یہ نتائج جسمانی سرگرمی اور کینسر کے خطرے کے درمیان تعلق کی نشاندہی کرتے ہیں۔

تحقیق کے نتائج طبی جریدے بی ایم سی میڈیسن میں شائع ہوئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق مجموعی صحت بہتر رکھنے کے لیے روزمرہ زندگی میں جسمانی سرگرمی شامل کرنا اور مسلسل کئی گھنٹے بیٹھنے سے گریز کرنا فائدہ مند ہوسکتا ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔