اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

جوان افراد میں کینسر تیزی سے پھیلنے کی ایک اہم ترین وجہ دریافت

17 ستمبر, 2026 15:36

کینسر کو ایک عرصے تک زیادہ عمر کے افراد سے منسلک بیماری سمجھا جاتا رہا ہے۔ عام طور پر خیال کیا جاتا تھا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ کینسر کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔ تاہم حالیہ برسوں میں 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کے مختلف کیسز میں اضافے نے ماہرین کی توجہ حاصل کی ہے۔

جوان افراد میں کینسر کے بڑھتے کیسز کی اصل وجہ ابھی مکمل طور پر واضح نہیں ہے۔ اسی معاملے کو سمجھنے کیلئے واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کے محققین نے ایک تحقیق کی۔ اس میں حیاتیاتی عمر اور کینسر کے خطرے کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔

طبی ماہرین کے مطابق کسی شخص کی عمر صرف اس کی تاریخ پیدائش سے نہیں دیکھی جاتی۔ اسے کرانیکل ایج کہا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ جسم کی حالت کے مطابق ایک حیاتیاتی عمر بھی ہوتی ہے۔ اس کا تعلق جسمانی افعال، خلیات، میٹابولزم اور دیگر نظاموں کی حالت سے ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق جینز، طرز زندگی اور دیگر عوامل حیاتیاتی عمر پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ اگر کسی شخص کی حیاتیاتی عمر اس کی اصل عمر کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہو تو مختلف بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔

محققین نے پایا کہ موجودہ دور کی بعض نوجوان نسلوں میں حیاتیاتی عمر بڑھنے کی رفتار ماضی کی نسلوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ اس فرق کا تعلق جوانی میں کینسر کے بڑھتے خطرے سے بھی دیکھا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ حیاتیاتی عمر میں تیزی سے اضافے کے دوران جسم کے خلیات، اعضا اور میٹابولک نظام میں تبدیلیاں ہوسکتی ہیں۔ اصل عمر اور حیاتیاتی عمر کے درمیان فرق جتنا زیادہ ہوگا، بعض بیماریوں کا خطرہ بھی اتنا بڑھ سکتا ہے۔

محققین کے مطابق حیاتیاتی عمر میں تیزی سے اضافے کا اثر جسم کے تمام اعضا پر ایک جیسا نہیں ہوتا۔ تحقیق میں ایسے اعضا میں زیادہ نمایاں تبدیلیاں دیکھی گئیں جن کا تعلق کینسر کی مختلف اقسام سے جوڑا جاتا ہے۔

تحقیق میں طرز زندگی سے متعلق کئی عوامل کا بھی ذکر کیا گیا۔ زیادہ جسمانی وزن، میٹابولک صحت میں خرابی، الکحل کا استعمال، زیادہ دیر تک بیٹھے رہنا اور غیر صحت بخش غذاؤں کا استعمال کینسر کی مختلف اقسام کے خطرے سے منسلک کیے گئے ہیں۔

محققین نے اس تحقیق کیلئے ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ تقریباً 10 ہزار افراد کے ایک دوسرے گروپ کے ڈیٹا سے بھی موازنہ کیا گیا۔

نتائج میں خاص طور پر نسلوں کے درمیان حیاتیاتی عمر میں فرق سامنے آیا۔ تحقیق کے مطابق 1990 سے 1999 کے درمیان پیدا ہونے والے افراد میں حیاتیاتی عمر بڑھنے کی شرح 1965 سے 1969 کے دوران پیدا ہونے والے افراد کے مقابلے میں 92 فیصد زیادہ تھی۔

مزید تجزیے میں معلوم ہوا کہ حیاتیاتی عمر میں تیزی سے اضافے کے ساتھ جوانی میں کینسر کا خطرہ تقریباً 8 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔ پھیپھڑوں اور نظام ہاضمہ سے متعلق بعض کینسرز میں یہ تعلق زیادہ نمایاں دیکھا گیا۔

محققین کے مطابق یہ نتائج اس بات کو سمجھنے میں مدد دے سکتے ہیں کہ کم عمر افراد میں بعض اقسام کے کینسر کے کیسز کیوں بڑھ رہے ہیں۔ تاہم حیاتیاتی عمر اور کینسر کے درمیان تعلق کو مزید سمجھنے کیلئے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے نیچر میڈیسن میں شائع ہوئے ہیں۔ تحقیق کے نتائج سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ کینسر کے خطرے کو سمجھنے کیلئے صرف کیلنڈر کے حساب سے عمر دیکھنا کافی نہیں، بلکہ جسم کی مجموعی حالت اور طرز زندگی جیسے عوامل کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔