کراچی: سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور 3 بچوں کے قتل کا مقدمہ درج، پوسٹ مارٹم مکمل

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور اس کے 3 بچوں کے قتل کے لرزہ خیز واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل کرلیا گیا۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کے مطابق جاں بحق افراد میں 34 سالہ مہوش، 6 سالہ حسنین، 8 سالہ مرحہ اور 16 ماہ کی اشمیرہ شامل ہیں۔ تین لاشیں عباسی شہید اسپتال لائی گئی تھیں، جبکہ ایک کمسن کو شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق کے مطابق تینوں لاشوں کے سر اور دماغ پر متعدد شدید نوعیت کی چوٹیں پائی گئیں۔ سر پر لگنے والی شدید ضربات کے باعث دماغی ٹشوز کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس سرجن کے مطابق مقتولین کے جسم سے مختلف نمونے حاصل کرکے کیمیکل ایگزامینیشن کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔ یہ رپورٹ واضح کرے گی کہ آیا مقتولین کو کسی نشہ آور یا بے ہوش کرنے والی چیز دی گئی تھی یا نہیں۔
پولیس حکام کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے میں واقعے کا مقدمہ مقتول خاتون کے شوہر اور بچوں کے دادا کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کا گزشتہ شب پوسٹ مارٹم کیا گیا، جس کے بعد لاشوں کو سرد خانے منتقل کردیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ قتل سے قبل ماں اور بچوں کو کسی نشہ آور چیز کے ذریعے بے ہوش کیا گیا، تاہم اس حوالے سے حتمی صورتحال کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ سامنے آنے کے بعد واضح ہوگی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل انتہائی منظم انداز میں کیا گیا اور ملزمان نے شواہد چھپانے کی کوشش کی۔ تفتیشی حکام کو شبہ ہے کہ مقتولین کو بے ہوشی کی حالت میں اسی مقام پر تشدد کرکے قتل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق تاحال آلہ قتل برآمد نہیں ہوسکا۔ واقعے کی تحقیقات کے دوران اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز، موبائل فون ریکارڈ اور دیگر شواہد کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ ملزمان تک پہنچا جاسکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












