اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

پنجاب میں گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کیلئے قائم نئے مراکز کی تفصیلات سامنے آگئیں

17 ستمبر, 2026 14:20

لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔

پنجاب حکومت کے مطابق صوبائی وہیکل انسپیکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم (PVICS) کے تحت مختلف شہروں میں گاڑیوں کی فٹنس چیک کرنے کیلئے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ان مراکز پر گاڑیوں کا معائنہ کیا جائے گا اور مقررہ معیار پر پورا اترنے کی صورت میں فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔

پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 اور موٹر وہیکلز رولز 1969 کے تحت پنجاب میں چلنے والی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔ اس میں پبلک سروس گاڑیاں اور سامان کی ترسیل کیلئے استعمال ہونے والی گاڑیاں شامل ہیں۔ پنجاب میں رجسٹرڈ ایسی گاڑیوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ ہر چھ ماہ بعد حاصل کرنا ہوتا ہے۔

ابتدائی طور پر پنجاب حکومت نے 13 PVICS مراکز کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ یہ مراکز نجی طور پر گاڑیوں کی ٹیسٹنگ کیلئے لائسنس یافتہ ہیں۔ لاہور میں آٹو ایون ویلنشیا، آٹو ایون چوبرجی، آٹو ایون زیب سینٹر اور آٹو ایون بیگم پورہ شامل ہیں۔

لاہور میں بوش لانگ سائٹ موٹرز، آٹو شور لاہور، آٹو شور ارائیاں رائیونڈ روڈ اور آٹو شور پی ایس او، پی آئی اے روڈ بھی گاڑیوں کی جانچ کے مراکز میں شامل ہیں۔

رحیم یار خان میں بوش لانگ سائٹ موٹرز جبکہ صادق آباد میں بھی بوش لانگ سائٹ موٹرز کو فٹنس ٹیسٹنگ کیلئے مرکز مقرر کیا گیا ہے۔ فیصل آباد میں آٹو میکینکس اقبال اسٹیڈیم اور آٹو میکینکس ویسٹ کینال پر گاڑیوں کی جانچ کی سہولت دستیاب ہوگی۔

ملتان میں آٹو ایون کو بھی PVICS مرکز کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ گاڑی مالکان اپنے قریبی مرکز سے فٹنس ٹیسٹ اور سرٹیفکیٹ کے عمل سے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

پنجاب حکومت نے گاڑی مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 اکتوبر سے پہلے اپنے قریب ترین مرکز سے فٹنس سرٹیفکیٹ کا عمل شروع کریں۔ مقررہ وقت کے بعد قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے گاڑی مالکان کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے عمل کو نظر انداز کرنے پر بھاری جرمانے سمیت دیگر قانونی سزائیں بھی عائد ہوسکتی ہیں۔ اس لیے متعلقہ گاڑی مالکان کیلئے ضروری ہے کہ وہ مقررہ مدت سے پہلے اپنی گاڑی کا فٹنس ٹیسٹ مکمل کرائیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔