سندھ حکومت نے گندم کے کاشت کاروں کی سبسڈی میں اضافہ کردیا

سندھ کابینہ کے اجلاس میں گندم کے کاشت کاروں کے لیے اضافی سبسڈی پیکیج کی منظوری دے دی گئی، جس کے تحت کسانوں کی سبسڈی ایک ہزار سے بڑھا کر 2 ہزار روپے کر دی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں کابینہ نے گندم کے کاشت کاروں کے لیے اضافی سبسڈی پیکیج کی منظوری دے دی۔ 25 ایکڑ تک اراضی رکھنے والے گندم کے کاشت کار سبسڈی کے اہل ہوں گے۔ گندم محکمہ خوراک کو فراہم کرنے والے کسانوں کی اضافی سبسڈی ایک ہزار روپے سے بڑھا کر 2 ہزار روپے فی من کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ کے عوام فیصلہ سنا چکے، صوبے کی تقسیم کی ہر کوشش کو مسترد کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ
سندھ میں تقریباً 5 لاکھ 50 ہزار گندم کے کاشت کاروں کو اس پیکیج سے فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ اضافی سبسڈی کے بعد گندم کے کاشتکاروں کے لیے مجموعی رقم 16 ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ یہ سبسڈی اُن کاشت کاروں کو ملے گی، جو اپنی گندم محکمہ خوراک کو فراہم کریں گے، اناج کی مقدار کے حساب سے اضافی سبسڈی بھی دی جائے گی۔
سندھ کابینہ نے 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسانوں کی نئی رجسٹریشن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، جسے جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے کیا جائے گا۔ موجودہ مستحق گندم کے کاشتکاروں کی محکمہ ریونیو کے ذریعے دوبارہ تصدیق ہوگی تاکہ غیر اہل اور دہرے اندراجات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
ڈی اے پی کھاد یا منظور شدہ متبادل کی خریداری پر اہل کسانوں کو یکساں سبسڈی دی جائے گی اور سبسڈی کی رقم سندھ بینک کے ذریعے براہِ راست بینظیر کسان کارڈ اکاؤنٹس میں منتقل ہوگی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












