یوٹیوب میں صارفین کیلئے متعدد نئے اے آئی فیچرز متعارف

یوٹیوب نے صارفین اور کانٹینٹ کریئیٹرز کیلئے متعدد نئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے، جن کا مقصد پلیٹ فارم پر مواد تلاش کرنے اور ویڈیوز تیار کرنے کے تجربے کو مزید آسان بنانا ہے۔
کمپنی کی جانب سے ان فیچرز کا اعلان سالانہ میڈ آن یوٹیوب ایونٹ میں کیا گیا، جن میں ایک اہم فیچر ’آسک یوٹیوب‘ بھی شامل ہے۔
آسک یوٹیوب کے ذریعے صارفین ویڈیو دیکھتے ہوئے سوالات پوچھ سکیں گے۔ یہ ٹول پراڈکٹ سرچ میں بھی مدد فراہم کرے گا اور صارف کی ترجیحات کے مطابق مواد کی سفارشات پیش کرے گا۔
یوٹیوب کے مطابق اس فیچر کو ٹی وی پر ویڈیوز دیکھتے ہوئے وائس کمانڈ کے ذریعے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔
کمپنی ’کاسٹیوم فیڈز‘ نامی فیچر بھی متعارف کرانے جارہی ہے، جس کے ذریعے صارفین سادہ ٹیکسٹ پرومپٹس کی مدد سے اپنی دلچسپی، مزاج اور عادات کے مطابق ہوم پیج تیار کرسکیں گے۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس فیچر کے ذریعے صارف کی پسند کے مطابق ویڈیوز اور اپ ڈیٹس کو نئی سفارشات میں شامل کیا جائے گا۔ یہ فیچر ابتدا میں امریکا کے صارفین کیلئے دستیاب ہوگا۔
کانٹینٹ کریئیٹرز کیلئے ایک نیا اے آئی ٹول بھی متعارف کرایا جارہا ہے، جس کی مدد سے ویڈیو ایڈیٹنگ کے مختلف مراحل ٹیکسٹ پرومپٹس کے ذریعے مکمل کیے جاسکیں گے۔
یوٹیوب میں اے آئی پر مبنی کمنٹ موڈریشن کا فیچر بھی متعارف کرایا جارہا ہے، جبکہ لائیو اسٹریمز میں خودکار ترجمے اور صارفین کے چہروں یا آواز کے غلط استعمال سے تحفظ کیلئے بھی نئے ٹولز جلد دستیاب ہوں گے۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












