حکومت کا پی ٹی آئی سے مذاکرات پر غور، لانگ مارچ کو سیاسی حکمت عملی سے روکنے کا فیصلہ

تحریک انصاف کے متوقع لانگ مارچ کے معاملے پر حکومتی حکمت عملی طے کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت میں سیاسی اور امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں ایک اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے تناظر میں تمام انتظامی، قانونی اور سیاسی اقدامات کا انتہائی گہرائی سے جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ بات چیت کا راستہ کھلا رکھا جائے تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے اور جماعت اسلامی کی طرح تحریک انصاف سے بھی مذاکرات کرنے کے آپشن کو زیرِ غور لایا گیا تاکہ سیاسی کوششوں کا راستہ بند نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی رہنماؤں کی عمران خان کی رہائی کے لیے قومی تنصیبات بند کرنے کی دھمکیاں
اس کے علاوہ لانگ مارچ کو روکنے سے متعلق تمام انتظامی اور سیکیورٹی تیاریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران لانگ مارچ کے تناظر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی بندش کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، جس میں پنجاب حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی درخواست کا بھی جائزہ لیا گیا۔
شرکاء کے درمیان اس بات پر مکمل اتفاق پایا گیا کہ لانگ مارچ کے آغاز سے پہلے ہی موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بند کرنے سے عام عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، اس لیے فوری طور پر انٹرنیٹ سروس بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو ہدایت کی گئی کہ جب تک وزارت داخلہ کی جانب سے باضابطہ ہدایات نہیں مل جاتی ہیں، تب تک انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے کوئی بھی قدم نہ اٹھایا جائے اور وزارت داخلہ کے آئندہ احکامات کا انتظار کیا جائے۔
اجلاس کے آخر میں ملک کی اندرونی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اس طرح کے مشاورتی اجلاسوں کا سلسلہ تسلسل سے جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








