پیر، 27-اپریل،2026
پیر 1447/11/10هـ (27-04-2026م)

سیمنٹ کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ٹیکسوں کے باعث ہے، مسابقتی کمیشن کی رپورٹ

27 اپریل, 2026 14:27

مسابقتی کمیشن نے سیمنٹ کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے پر رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں ٹیکسوں کی بھرمار اور پالیسیوں کی خامیوں کو مہنگائی کی اصل وجہ قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان کے مسابقتی کمیشن نے سیمنٹ سیکٹر کے حوالے سے ایک جامع اسٹڈی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سیمنٹ کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ صرف طلب و رسد کا نتیجہ نہیں بلکہ اس میں ٹیکسوں اور پالیسیوں کی خامیوں کا بڑا عمل دخل ہے۔

رپورٹ کے مطابق سیمنٹ کی فی بیگ قیمت میں ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کا حصہ اڑتیس فیصد تک پہنچ چکا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ قیمت کا تقریباً نصف حصہ صرف ٹیکسوں پر مشتمل ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پچاس کلو سیمنٹ کے بیگ کی قیمت آٹھ سو بائیس روپے سے بڑھ کر ایک ہزار اکانوے روپے تک جا پہنچی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایف آئی اے میں 1394 آسامیوں پر بھرتی، وزیر داخلہ نے میرٹ کی یقین دہانی کرا دی

کمیشن نے نشاندہی کی ہے کہ ملک میں سیمنٹ بنانے کی صلاحیت دوگنی ہو چکی ہے لیکن اس کا استعمال صرف ترپن فیصد رہ گیا ہے، جو کہ تشویشناک صورتحال ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جنوبی علاقوں میں چند بڑی کمپنیوں کا مارکیٹ پر غلبہ ہے جبکہ کوئلے کی درآمد پر اجارہ داری بھی لاگت میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔

صوبوں کے درمیان ٹرانسپورٹ قوانین میں فرق اور معدنی رائلٹی کے مختلف نظاموں نے مسابقت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

اس کے علاوہ مارکیٹ میں اسمگل شدہ اور جعلی سیمنٹ کی موجودگی نہ صرف معیشت کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ یہ عوام کی سلامتی کے لیے بھی بڑا خطرہ بن سکتی ہے۔

مسابقتی کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر ٹیکس پالیسی اور توانائی کی قیمتوں میں اصلاحات نہ کی گئیں تو تعمیراتی لاگت مزید بڑھے گی، جس سے ہاؤسنگ سیکٹر اور صنعتیں تباہ ہو سکتی ہیں۔

کمیشن نے ایک جامع اصلاحاتی حکمت عملی تجویز کی ہے، جس میں نئے اداروں کے لیے مارکیٹ میں داخلے کی راہ ہموار کرنے اور نقل و حمل کے نظام کو جدید بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔