اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تاریخ ساز دلچسپی، اپریل میں 24 ہزار نئے اکاؤنٹس کا اضافہ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے میں ملکی تاریخ کا ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جہاں صرف ایک ماہ کے دوران 24 ہزار سے زائد نئے سرمایہ کاری اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں، جن میں اکثریت نوجوانوں کی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے گزشتہ ماہ اپریل کے دوران سرمایہ کاروں کی شرکت کے حوالے سے ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں 24 ہزار 150 نئے انفرادی سرمایہ کاری اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں، جو کسی بھی ایک ماہ میں اکاؤنٹس کھلنے کی بلند ترین سطح ہے۔
اس اضافے کے ساتھ ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد اب 5 لاکھ 45 ہزار کی حد کو عبور کر چکی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس غیر معمولی رجحان کی سب سے بڑی وجہ نوجوان نسل، خاص طور پر جنریشن زی اور پہلی بار سرمایہ کاری کرنے والے افراد کی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی دلچسپی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کینگرو لینڈ میں پاکستانی پرچم بلند، سردار ارسم عباس آسٹریلیا میں بہترین غیر ملکی کیڈٹ قرار
یہ رجحان نہ صرف ایک اہم کامیابی ہے بلکہ یہ پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد، مالیاتی شمولیت اور معاشی شعور کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر عوامی مارکیٹ کے مجموعی دائرہ کار کو دیکھا جائے، جس میں ایکویٹی، میوچل فنڈز، مالیاتی ادارے اور کموڈٹیز شامل ہیں، تو سرمایہ کاروں کی یہ کل تعداد اب 13 لاکھ 30 ہزار سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ نئی نسل کی جانب سے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے سرمایہ کاری کی طرف راغب ہونا پاکستان کی مالیاتی منڈیوں میں گہرائی پیدا کر رہا ہے۔
یہ صورتحال اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ پاکستان میں اب بچتوں کو باقاعدہ معاشی دھارے میں لانے کا کلچر پروان چڑھ رہا ہے، جس سے نہ صرف کمپنیوں کو کاروبار کے لیے سرمایہ میسر آئے گا بلکہ عام شہری بھی ملک کی معاشی ترقی سے براہ راست فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی اس بڑھتی ہوئی تعداد کو ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ایک نیک شگون قرار دیا جا رہا ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










