سرمایہ کاری سہولت کونسل کی اصلاحات کے ثمرات، پاکستان میں صنعتی ترقی کا نیا باب

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی مؤثر اصلاحات اور کلیدی کردار کی بدولت ملک میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی جانب سے متعارف کرائی گئی مؤثر اصلاحات کے مثبت ثمرات اب معاشی اور صنعتی ترقی کے ایک نئے دور کی شکل میں سامنے آ رہے ہیں۔
کونسل ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی توسیع اور اصلاحاتی عمل کو تیز کرنے میں ایک مرکزی اور کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران کونسل کی کوششوں سے ملک میں سرمایہ کاری کی فضا میں غیر معمولی بہتری آئی ہے اور صنعتی ڈھانچے کی مضبوطی کے لیے نمایاں پیش رفت دیکھنے کو ملی ہے۔
کونسل کے خصوصی معاون ڈاکٹر جہانزیب خان نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اس وقت بڑے پیمانے پر کارپوریٹ زرعی فارمنگ، لاجسٹکس، ریلویز، موٹرویز، دواسازی اور ویئر ہاؤسنگ جیسے اہم منصوبوں میں سرگرم عمل ہے۔
اس تعاون کے نتیجے میں ملک میں سات نئی سیمنٹ فیکٹریوں کے قیام کی راہ ہموار ہو گئی ہے، جس سے نہ صرف صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ ہزاروں افراد کو روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے حوالے سے کونسل نے ایم بارہ موٹروے منصوبے کو بحال کر کے نارتھ ساؤتھ کوریڈور کو مزید مستحکم بنا دیا ہے، جو تجارتی سامان کی ترسیل میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت کا پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 22 فیصد کمی کا اعتراف
شعبہ صحت میں بھی کونسل نے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ‘میڈیکل ٹورازم انیشی ایٹو’ کا آغاز کیا ہے، جو پاکستان کو خطے میں علاج معالجے کا ایک اہم مرکز بنانے کی جانب ایک بڑا سنگ میل ثابت ہوگا۔
اسی تسلسل میں پاکستان کی پہلی قومی ویکسین پالیسی کی منظوری دی گئی ہے اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی لیبارٹری نے عالمی ادارہ صحت سے پری کوالیفیکیشن حاصل کر لی ہے، جو ملکی ادویات کی عالمی ساکھ میں اضافے کا باعث بنے گی۔
مزید برآں، پاکستان اور یورپی یونین بزنس فورم کے کامیاب انعقاد نے تجارت کے نئے دروازے کھول دیئے ہیں۔
اس فورم کے حوالے سے جی آئی زیڈ کی پروجیکٹ ہیڈ یولیا بازینوفا کا کہنا ہے کہ یہ فورم یورپی کاروباری اداروں اور پاکستانی مینوفیکچررز کے درمیان روابط قائم کرنے کی جانب ایک غیر معمولی پیش رفت ہے، جو باہمی تعاون اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔
یہ تمام اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ دوست ماحول کی بدولت معاشی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











