جمعرات، 18-جون،2026
بدھ 1448/01/02هـ (17-06-2026م)

ٹیکس شارٹ فال سے متعلق قیاس آرائیاں حقائق کے برعکس، ایف بی آر کی ریونیو کارکردگی مستحکم

01 جون, 2026 15:54

اسلام آباد: حکومت نے ایف بی آر کے ٹیکس شارٹ فال سے متعلق گردش کرنے والی خبروں اور قیاس آرائیوں کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس وصولیوں کی کارکردگی مستحکم ہے اور نظرثانی شدہ اہداف کے مطابق پیش رفت جاری ہے۔

وزیر خزانہ کے مشیر برائے اقتصادی امور خرم شہزاد کے مطابق 864 ارب روپے کے ٹیکس شارٹ فال کا تاثر پرانے اور ابتدائی 14 ہزار 130 ارب روپے کے ہدف کی بنیاد پر دیا جا رہا ہے، جو گمراہ کن ہے۔

انہوں نے بتایا کہ معاشی حالات، مہنگائی، درآمدات اور عالمی اقتصادی صورتحال میں تبدیلی کے بعد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی مشاورت سے ریونیو ہدف کو نظرثانی کر کے تقریباً 13 ہزار ارب روپے مقرر کیا گیا تھا۔

خرم شہزاد کے مطابق مالی اہداف میں نظرثانی ایک معمول کا عمل ہے اور موجودہ معاشی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے اہداف طے کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران 11 ہزار 257 ارب روپے ٹیکس وصول کیا، جبکہ صرف مئی کے مہینے میں 994 ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں۔

مشیر وزیر خزانہ کے مطابق مئی میں ایف بی آر نے ماہانہ ہدف کا 97 فیصد حاصل کیا جبکہ 11 ماہ کے مجموعی ہدف کا 99.8 فیصد پورا کیا گیا، جو ادارے کی مضبوط کارکردگی کا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ اعداد و شمار کسی بڑے ریونیو بحران یا بھاری ٹیکس شارٹ فال کے دعوؤں کی تردید کرتے ہیں۔

خرم شہزاد نے مزید کہا کہ جون 2026 کے لیے مقرر کردہ ایک ہزار 727 ارب روپے کا ریونیو ہدف نظرثانی شدہ مالیاتی فریم ورک کے مطابق قابل حصول ہے، جس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 15 فیصد اضافہ شامل ہے۔

انہوں نے کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ غیر معمولی ٹیکس اقدامات یا اضافی بوجھ سے متعلق بے بنیاد قیاس آرائیوں پر توجہ نہ دیں۔

مشیر وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مالیاتی معاملات پر تبصرہ کرتے وقت پرانے اہداف کے بجائے موجودہ معاشی حقائق اور مستند اعداد و شمار کو بنیاد بنایا جانا چاہیے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔