ہفتہ، 13-جون،2026
ہفتہ 1447/12/27هـ (13-06-2026م)

خیبر پختونخوا حکومت کا نئے مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے پر غور

01 جون, 2026 11:40

خیبر پختونخوا حکومت مالی سال 2026-27 کے لیے 2300 ارب روپے سے زائد کا بجٹ بغیر کسی نئے ٹیکس کے 12 جون کو صوبائی اسمبلی میں پیش کرنے پر غور کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ 12 جون کو ایوان میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

صوبائی بجٹ کا مجموعی حجم 2 ہزار 300 ارب روپے سے زائد رہنے کا امکان ہے۔ اس مجوزہ بجٹ میں سب سے زیادہ اہمیت ضم شدہ اضلاع کی ترقی، جاری اخراجات اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کو دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آئی ایم ایف کا مطالبہ رد، حکومت کا الیکٹرک گاڑیوں پر صرف ایک فیصد ٹیکس لگانے کا فیصلہ

نئے مالی سال میں صوبے کو وفاق سے ایک ہزار 671 ارب روپے موصول ہونے کی توقع ہے، جس میں دہشتگردی کے خلاف جنگ کے سلسلے میں 159 ارب روپے شامل ہوں گے۔

بجلی کے خالص منافع اور بقایاجات کی مد میں 107 ارب روپے ملنے کا امکان ہے۔ صوبائی حکومت کو اپنے ذرائع سے 150 ارب روپے آمدن کی توقع ہے، جن میں 99 ارب روپے ٹیکسوں اور 51 ارب روپے دیگر ذرائع سے حاصل ہوں گے۔

غیر ملکی ترقیاتی امداد کا حجم 160 ارب روپے تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ ضم شدہ اضلاع کے منصوبوں کے لیے 334 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے اور بندوبستی اضلاع کے لیے ایک ہزار 971 ارب روپے کا بجٹ تیار کیا گیا ہے۔ اس بجٹ میں توانائی کے شعبے سے حاصل ہونے والی آمدن کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔