قربانی کے جانوروں کی کھالوں سے 8.7 ارب روپے کی معاشی سرگرمی متوقع

اس سال عیدالاضحیٰ پر پاکستان میں قربانی کے جانوروں کی کھالوں کی خرید و فروخت سے 8.7 ارب روپے کی بڑی معاشی سرگرمی کا امکان ہے۔
پاکستان میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی کھالوں کی خرید و فروخت ایک بہت بڑی اور وسیع معاشی سرگرمی کی شکل اختیار کر جاتی ہے، جس سے ملک بھر میں لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔
عالمی جریدے عرب نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق اس سال پاکستان میں قربانی کے تقریباً 75 لاکھ جانوروں کی کھالوں سے مجموعی طور پر 8.7 ارب روپے یعنی 31 ملین ڈالر کی معاشی سرگرمی متوقع ہے۔
ڈیٹا بتاتا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستان میں قربانی کے جانوروں کی تعداد میں 17 فیصد تک نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت میں مسلمانوں کو عید کی نماز کیلئے عوامی مقامات دینے سے انکار، قربانی میں بھی رکاوٹیں
اس سال عید پر 28 لاکھ گائے بیلوں، 43 لاکھ بکروں، 5 لاکھ بھیڑوں اور 30 ہزار اونٹوں کی کھالیں حاصل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 9 سال کے دوران پاکستان کی چمڑے کی صنعت کا رجحان صرف خام کھالوں کی فراہمی سے ہٹ کر زیادہ منافع بخش تیار مصنوعات کی طرف منتقل ہوا ہے، جس کی بدولت پاکستانی برآمدات میں چمڑے سے تیار شدہ اشیاء اور جوتوں کا حجم 694.20 ملین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
حکومت بھی اس صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کوشاں ہے اور ماہرین کے مطابق جانوروں کی بڑھتی ہوئی تعداد ملک میں خریداری کی مضبوط صلاحیت اور معاشی اعتماد کی عکاس ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










