جمعرات، 4-جون،2026
جمعرات 1447/12/18هـ (04-06-2026م)

کم از کم ماہانہ اجرت اور تنخواہوں میں اضافے کے بارے میں بڑی خبر آگئی

03 جون, 2026 10:36

پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) نے آئندہ مالی سال کے لیے کم از کم ماہانہ اجرت میں اضافے کی سفارش کر دی ہے۔

 پائیڈ نے تجویز دی ہے کہ موجودہ کم از کم اجرت 40 ہزار روپے سے بڑھا کر 45 ہزار روپے مقرر کی جائے۔ اگر یہ سفارش منظور ہو جاتی ہے تو لاکھوں محنت کشوں اور کم آمدن والے ملازمین کو مالی ریلیف مل سکتا ہے۔

ادارے کی جانب سے کم از کم اجرت کے تعین کے لیے ایک جامع رپورٹ تیار کی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں معاشی حالات، مہنگائی کی شرح، قوتِ خرید اور مزدور طبقے کی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ کم از کم تنخواہ میں 12.5 فیصد اضافہ موجودہ معاشی حالات کے مطابق ایک مناسب اقدام ہو سکتا ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران مہنگائی میں مسلسل اضافے نے کم آمدن والے طبقے کو شدید متاثر کیا ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء، یوٹیلٹی بلز اور دیگر ضروری اخراجات میں اضافے کے باعث بہت سے خاندانوں کے لیے ماہانہ بجٹ پورا کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ ایسے میں کم از کم اجرت میں اضافہ ملازمین کی مالی مشکلات کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی سے اپریل مالی سال 2025-26 کے دوران اوسط افراطِ زر 6.19 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ اپریل 2026 میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 10.9 فیصد تک پہنچ گئی۔ مہنگائی کے اس دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے اجرتوں میں مناسب اضافہ ضروری ہے تاکہ مزدور طبقے کی قوتِ خرید برقرار رہ سکے۔

پائیڈ نے اپنی رپورٹ میں اس بات پر زور دیا ہے کہ اجرتوں کا تعین صرف انتظامی معاملہ نہیں بلکہ ایک اہم معاشی پالیسی ہے۔ اس کے اثرات روزگار، غربت، گھریلو اخراجات اور مجموعی معاشی صورتحال پر براہِ راست مرتب ہوتے ہیں۔ اسی لیے کم از کم اجرت کا فیصلہ موجودہ معاشی حقائق اور مہنگائی کی شرح کو سامنے رکھ کر کیا جانا چاہیے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔