پراپرٹی کی فروخت پر کون سا ٹیکس ادا کرنا ہوگا؟ بڑی خبر آگئی

New Property Tax Rules
وراثت میں ملنے والی جائیداد اور پلاٹس کی فروخت پر ٹیکس کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین سید نوید قمر کی زیر صدارت ہوا جس میں وراثت میں ملنے والی جائیداد اور پلاٹس کی فروخت پر ٹیکس کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا، اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں ایف بی آر کی جانب سے تجویز دی گئی کہ وراثت میں ملنے والی جائیداد کی اصل قیمت وہ سمجھی جائے جو مالک کی وفات کے دن مارکیٹ میں موجود ہو۔ اگر بعد میں اس جائیداد کی قیمت میں اضافہ ہو اور اسے فروخت کیا جائے تو صرف اضافی رقم پر کیپیٹل گین ٹیکس وصول کیا جائے۔
ایف بی آر حکام نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اگر کسی شخص کی وفات کے وقت اس کے پلاٹ کی قیمت 8 کروڑ روپے تھی اور بعد میں وہی پلاٹ 10 کروڑ روپے میں فروخت ہوا تو صرف 2 کروڑ روپے کے اضافے پر کیپیٹل گین ٹیکس لاگو ہوگا۔ اس طرح وراثت میں ملنے والی جائیداد کی ابتدائی قیمت مالک کی وفات کے دن کی مارکیٹ ویلیو مانی جائے گی۔
حکام نے یہ بھی بتایا کہ فیملی سیٹلمنٹ کے ذریعے منتقل ہونے والی وراثتی جائیداد کو قانونی تحفظ دیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد وراثتی معاملات کو مزید واضح اور محفوظ بنانا ہے تاکہ بعد میں قانونی پیچیدگیاں کم ہوں۔
اجلاس کے دوران قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سید نوید قمر نے تجویز دی کہ جائیداد کی اصل لاگت کا تعین ٹرانسفر آف اونرشپ کے دن سے کیا جانا چاہیے۔ کمیٹی نے اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے اسے منظور کرنے کی سفارش کر دی۔
اجلاس میں انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے طریقہ کار پر بھی اہم فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی نے تجویز منظور کی کہ مستقبل میں تمام انکم ٹیکس ریٹرنز صرف الیکٹرانک نظام کے ذریعے جمع کروائے جائیں گے۔
ایف بی آر حکام کے مطابق ریٹرن صرف آئرس پورٹل کے ذریعے جمع کروانا لازمی ہوگا جبکہ کمپنیوں کے مالیاتی گوشوارے بھی مشین ریڈیبل فارمیٹ میں جمع کروانے ہوں گے۔
ایف بی آر نے اجلاس کو بتایا کہ ملک میں زیادہ تر ٹیکس ریٹرنز پہلے ہی ڈیجیٹل طریقے سے جمع ہو رہے ہیں۔ تاہم چند شہروں میں اب بھی دستی ریٹرنز وصول کیے جا رہے تھے۔ نئی تجویز کے بعد پورے ملک میں ٹیکس ریٹرنز مکمل طور پر آن لائن جمع کروانے کا نظام نافذ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











