ہفتہ، 25-جولائی،2026
ہفتہ 1448/02/11هـ (25-07-2026م)

ایران امریکا کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 110 ڈالر کے قریب پہنچ گئیں

25 جولائی, 2026 10:10

امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد قیمتیں 110 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہیں۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور افریقا میں خام تیل کے فزیکل کارگوز کی قیمتیں رواں ہفتے گزشتہ دو ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، جبکہ بعض اقسام کے تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل کے قریب دیکھی گئی۔

ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ ایران اور یوکرین جنگ سے جڑی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹیں ہیں، جس کے باعث خریدار فوری فراہمی یقینی بنانے کے لیے متبادل ذرائع سے تیل حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں کے اہم معیار ڈیٹڈ برینٹ نے جمعرات کو 105.70 ڈالر فی بیرل کی سطح چھو لی۔ یہ سطح مئی کے اختتام کے بعد سب سے زیادہ تھی، جبکہ جون کے آغاز کے بعد پہلی بار قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔

تیل کے تجزیہ کار تاماس وارگا کا کہنا ہے کہ اس وقت مارکیٹ میں سب سے زیادہ توجہ سپلائی کے خدشات پر مرکوز ہے، کیونکہ خطے میں جاری کشیدگی عالمی تیل کی ترسیل کو متاثر کر سکتی ہے۔

دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے ساتھ ساتھ قازقستان میں بھی تیل کی سپلائی سے متعلق مسائل سامنے آئے ہیں۔ قازقستان نے بحیرہ اسود میں واقع سی پی سی بلینڈ خام تیل کے اہم برآمدی ٹرمینل کو مبینہ یوکرینی ڈرون حملوں کے بعد بند کرنے کا اعلان کیا، جس کے نتیجے میں تیل کی پیداوار میں کمی کی گئی۔

ذرائع کے مطابق قازقستان میں خام تیل کی پیداوار تقریباً نصف رہ گئی ہے اور یومیہ پیداوار 4 لاکھ 60 ہزار بیرل تک پہنچ گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مزید بڑھی یا خطے میں تیل کی ترسیل متاثر ہوئی تو عالمی منڈی میں قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان موجود ہے، جس کے اثرات دنیا بھر میں ایندھن کی قیمتوں اور مہنگائی پر پڑ سکتے ہیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔