گڈانی شپ یارڈ پر 8 سال بعد شپ ری سائیکلنگ کا آغاز، 7 بڑے بحری جہاز ساحل پر لنگرانداز

گڈانی شپ یارڈ پر 8 سال بعد شپ ری سائیکلنگ کا عمل دوبارہ شروع ہو گیا، جہاں 7 جہاز لنگرانداز ہو چکے ہیں اور یہ صنعت ملکی اسٹیل اسکریپ کی 30 فیصد ضرورت پوری کرے گی۔
پاکستان کے ساحلی علاقے گڈانی میں قائم شپ یارڈ پر پورے 8 سال کے طویل عرصے کے بعد شپ ری سائیکلنگ (پرانے بحری جہازوں کو توڑنے) کا عمل دوبارہ کامیابی سے شروع ہو گیا ہے، اور اس صنعت کی بحالی کے پہلے مرحلے میں 7 بڑے بحری جہاز ری سائیکلنگ کے لیے گڈانی کے ساحل پر لنگرانداز ہو چکے ہیں۔
گڈانی کی اس اہم صنعت کی بحالی میری ٹائم ٹاسک فورس کی جانب سے کی جانے والی بہترین اور جدید اصلاحات کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔
اس ٹاسک فورس میں شامل نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کی انتھک کاوشوں نے گڈانی میں شپ ری سائیکلنگ کا آغاز دوبارہ ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وفاقی حکومت نے اس صنعت کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اب شپ ری سائیکلنگ کو باقاعدہ طور پر ایک مکمل صنعتی درجہ دے دیا ہے اور اس یارڈ کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے اصلاحات کا کام تیزی سے جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی معاشی تاریخ میں پہلی بار 17 ارب ڈالر کا قرض وقت سے پہلے ادا کردیا گیا
گڈانی کے شپ ری سائیکلنگ یارڈز کو جدید بنانے کا یہ عمل عالمی میری ٹائم آرگنائزیشن کے طے شدہ سخت اصولوں کے مطابق کیا جا رہا ہے۔
اس وقت گڈانی کے کل 16 میں سے 9 شپ ری سائیکلنگ یارڈز کو ہانگ کانگ کنونشن کے عالمی ماحولیاتی اور حفاظتی قوانین کے مطابق مکمل اپ گریڈ کیا جا چکا ہے، جبکہ باقی بچ جانے والے 7 یارڈز بھی اس وقت معائنے کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ حکومت گڈانی میں ایک جدید ٹریٹمنٹ، اسٹوریج اور ڈسٹ ڈسپوزل سہولت بھی قائم کرنے جا رہی ہے، جس کا مقصد ساحلی ماحول اور سمندری حیات کو ہر قسم کے آلودگی سے پاک اور محفوظ رکھنا ہے۔
معاشی لحاظ سے یہ ایک بہت بڑی پیش رفت ہے کیونکہ یہاں ری سائیکل ہونے والا ہر ایک بحری جہاز پاکستان کی قومی معیشت میں تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر کا خطیر اضافہ کرے گا۔
جب یہ تمام یارڈز مکمل طور پر فعال ہو جائیں گے تو اکیلا گڈانی شپ یارڈ ملک کی اسٹیل اسکریپ کی کل ضرورت کا 30 فیصد حصہ اکیلا پورا کرے گا، جو پاکستان کی سمندری معیشت اور مجموعی صنعتی ترقی کے لیے ایک بہترین اور خوش آئند گام ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










