ہفتہ، 25-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

وزیراعظم کا اہم اجلاس، خطے کی کشیدگی کے تناظر میں معیشت اور پیٹرولیم فراہمی کا جائزہ

17 جولائی, 2026 10:06

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خطے میں جاری کشیدگی کے پاکستان کی معیشت پر ممکنہ اثرات، پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور حکومتی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء، گورنر اسٹیٹ بینک، اعلیٰ سرکاری حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران موجودہ علاقائی صورتحال، معاشی استحکام اور عوامی سہولت کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ پاکستان کی معیشت اس وقت پہلے کے مقابلے میں زیادہ مستحکم ہے، لیکن خطے میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے باعث حکومت کو ہر ممکن چیلنج کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے جامع، مؤثر اور فوری قابلِ عمل منصوبہ تیار رکھا جائے تاکہ ملکی معیشت کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام وزارتیں اور متعلقہ ادارے مسلسل صورتحال پر نظر رکھیں اور وقت آنے پر بروقت فیصلے کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔ حکومت کا مقصد عوام کو مشکلات سے محفوظ رکھنا اور معاشی استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے سادگی اور کفایت شعاری کی قومی مہم کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے اس مہم میں عوام کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ وسائل کے مؤثر استعمال اور غیر ضروری اخراجات میں کمی کے لیے کفایت شعاری کی پالیسی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ قومی وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہو سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات اور توانائی کے استعمال میں بچت کے لیے شروع کی گئی حکومتی مہم کو بھی کامیاب قرار دیا۔ بروقت حکمت عملی اور متعلقہ اداروں کی مؤثر کارکردگی کے باعث ملک میں ایندھن کی فراہمی کا نظام متاثر نہیں ہوا۔ حکومت نے عام شہریوں، موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے اقدامات کیے جن سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کافی حد تک محدود رکھا جا سکا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے واضح ہدایات جاری کیں کہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے، ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ کسی بھی شخص کو عوام کی مشکلات سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور آئندہ ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے سپلائی کا مکمل انتظام بھی کیا جا چکا ہے۔ سپلائی چین کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ملکی معیشت کے استحکام، عوامی سہولت اور توانائی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام جاری رکھیں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ بحران کا بروقت اور مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔