بیرونِ ملک جانے کے لیے 10 لاکھ روپے تک بلا سود قرض، پرواز کارڈ کی اہلیت اور درخواست کا طریقہ

Golden opportunity for overseas employment!!! Learn what the Parwaaz Card is and know the complete application process
لاہور: بیرونِ ملک روزگار کے حصول کے لیے جانے والے شہریوں کے لیے بڑی سہولت سامنے آگئی، حکومت پنجاب نے ’’پرواز کارڈ‘‘ اسکیم کے تحت اہل افراد کو ابتدائی اخراجات پورے کرنے کے لیے 10 لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے بیرونِ ملک روزگار کی تلاش میں جانے والے شہریوں کے لیے ’’پرواز کارڈ‘‘ پروگرام شروع کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت مستحق ورکرز کو ویزا، ہوائی ٹکٹ، میڈیکل اور دیگر ابتدائی اخراجات کی ادائیگی کے لیے 10 لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا۔
پنجاب اسکل ڈیولپمنٹ فنڈ کے تعاون سے شروع کی گئی اس اسکیم کا مقصد بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند ہنرمند اور غیر ہنرمند افراد کو درپیش مالی مشکلات کم کرنا ہے، خصوصاً ایسے افراد جو ملازمت حاصل کرچکے ہوں لیکن بیرونِ ملک روانگی کے ابتدائی اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہ رکھتے ہوں۔
یہ سہولت ان افراد کے لیے دستیاب ہے جن کے پاس کسی غیر ملکی کمپنی یا ادارے کا باقاعدہ اور تصدیق شدہ ملازمت کا پیشکش نامہ موجود ہو۔
اہلیت کا معیار
پرواز کارڈ کے لیے درخواست دینے والے امیدوار کا پنجاب سے تعلق ہونا اور عمر کم از کم 18 سال ہونا ضروری ہے۔ درخواست دہندہ کے پاس معتبر قومی شناختی کارڈ اور بیرونِ ملک ملازمت کا تصدیق شدہ پیشکش نامہ بھی ہونا چاہیے۔
اسکیم کے تحت ایسی غیر ملکی ملازمتوں کے امیدوار اہل ہوں گے جن میں ماہانہ تنخواہ 5 ہزار سعودی ریال یا دیگر کرنسی میں اس کے مساوی رقم سے کم ہو۔
مرد اور خواتین دونوں ہنرمند اور غیر ہنرمند ورکرز اس پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ مقررہ شرائط پوری کرتے ہوں۔
قرض کی رقم کہاں استعمال کی جاسکے گی؟
پرواز کارڈ کے تحت ملنے والا بلا سود قرض بیرونِ ملک ملازمت کے لیے درکار ابتدائی اخراجات پورے کرنے میں استعمال کیا جا سکے گا۔ ان اخراجات میں ویزا پروسیسنگ فیس، میڈیکل ٹیسٹ، ہوائی ٹکٹ، پروٹیکٹر رجسٹریشن، اسکلز ویریفیکیشن اور لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کی فیس شامل ہوسکتی ہے۔
آن لائن درخواست دینے کا طریقہ
اہل امیدوار پرواز کارڈ کے باضابطہ آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست کے دوران امیدوار کو اپنی شناختی دستاویزات، بیرونِ ملک ملازمت کے ثبوت اور دیگر مطلوبہ معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔
درخواست جمع کرانے کے بعد امیدوار پورٹل کے ذریعے اپنی درخواست کی پیش رفت بھی معلوم کرسکتے ہیں۔ حکام کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات اور معلومات کی تصدیق کی جائے گی، جبکہ غلط، جعلی یا نامکمل معلومات فراہم کرنے کی صورت میں درخواست مسترد کی جا سکتی ہے۔
حکومت پنجاب کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو قانونی اور محفوظ طریقے سے بیرونِ ملک روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنا اور غیر قانونی ذرائع سے بیرونِ ملک جانے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











