عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں برقرار رہیں تو پاکستانی عوام کو پیٹرول پر بڑا ریلیف مل سکتا ہے؛ وزیر پیٹرولیم

Why was petrol price increased? Petroleum Minister reveals key reason
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آئندہ دو روز عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رہیں تو پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اچھی خبر سامنے آ سکتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کے دوران پاکستان کو معاشی سطح پر مختلف چیلنجز کا سامنا رہا۔ خطے کی کشیدہ صورتحال کے اثرات پاکستان سمیت دیگر ممالک پر بھی پڑے ہیں۔
وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ خطے کے بعض ہمسایہ ممالک میں شناختی کارڈ دیکھ کر شہریوں کو ایک یا دو لیٹر تک پیٹرول فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان میں بھی عالمی صورتحال کے اثرات محسوس کیے گئے ہیں۔
قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار
علی پرویز ملک نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرنا اوگرا کی ذمہ داری ہے، جبکہ قیمتیں گزشتہ سات روز کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی اوسط قیمتوں کی بنیاد پر طے کی جاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عالمی منڈی کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی تیل مہنگا ہے، تاہم اگر عالمی قیمتیں آئندہ دو روز تک موجودہ سطح پر برقرار رہیں تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے عوام کو مثبت خبر مل سکتی ہے۔
حکومتی معاہدوں کی پاسداری
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ملکی بجٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے وزارت خزانہ نے مختلف معاہدے کیے ہیں، جبکہ حکومت توانائی کے شعبے میں نئے طریقہ کار اور ذرائع پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے کیے گئے معاہدوں کی پاسداری کی ہے، اسی لیے پیٹرولیم لیوی میں نہ کمی کی گئی اور نہ ہی اسے مزید بڑھایا گیا۔
اختیارات کی منتقلی پر بحث
علی پرویز ملک نے ملکی نظام اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بات پر بحث ہونی چاہیے کہ طاقت اور اقتدار کو نچلی سطح تک کس طرح منتقل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بہتری کے لیے اس معاملے پر گفتگو ضروری ہے۔ اگر کسی قسم کی آئینی تبدیلی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو آئین میں اس کے لیے طریقہ کار موجود ہے۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مفاد میں جو بھی فیصلہ بہتر ہو، اسے ترجیح دی جانی چاہیے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











